اسٹاک ایکسچینج:کاروباری ہفتہ شدید اتار چڑھاؤ کی لپیٹ میں رہا

اسٹاک ایکسچینج:کاروباری ہفتہ شدید اتار چڑھاؤ کی لپیٹ میں رہا

ایک ہفتے میں انڈیکس 44پوائنٹس گھٹ کرایک لاکھ 84 ہزار 129 پوائنٹس پرآ گیا بلند ترین سطح ایک لاکھ 88312 ، کم ترین ایک لاکھ 82 ہزار 792 پوائنٹس رہی

کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوران شدید اتار چڑھاؤ دیکھا گیا، تاہم اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس معمولی کمی کے ساتھ بند ہوا۔ ایک ہفتے میں انڈیکس 44 پوائنٹس گھٹ کر ایک لاکھ 84 ہزار 129 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا، اعداد و شمار کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر 100 انڈیکس کی بلند ترین سطح ایک لاکھ 88 ہزار 312 پوائنٹس رہی، جبکہ کم ترین سطح ایک لاکھ 82 ہزار 792 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی۔ مارکیٹ میں ایک موقع پر شدید دباؤ بھی دیکھنے میں آیا، جب انڈیکس یومیہ بنیاد پر 4 ہزار سے زائد پوائنٹس تک نیچے چلا گیا، تاہم بعد ازاں جزوی ریکوری نے نقصانات کو محدود کر دیا، کاروباری سرگرمیوں کے لحاظ سے سرمایہ کاروں کی دلچسپی برقرار رہی۔ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں مجموعی طور پر 196 ارب روپے مالیت کے تقریباً 4 ارب شیئرز کا لین دین ہوا، جو مارکیٹ میں سرگرمی کا واضح ثبوت ہے ، مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں بہتری دیکھنے میں آئی اور مجموعی مالیت 55 ارب روپے اضافے کے بعد 20 ہزار 882 ارب روپے تک پہنچ گئی۔ ماہرین کے مطابق حصص بازار میں غیر یقینی کیفیت کے باوجود مخصوص شعبوں میں خریداری نے مارکیٹ کو سہارا دیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں