گاڑیوں کی فروخت 43 ماہ کی بلند ترین سطح پر جاپہنچی
7ماہ کے دوران مجموعی فروخت ایک لاکھ11 ہزار377 یونٹس تک پہنچ گئی موٹرسائیکل، بس و ٹرک میں تیزی، ٹریکٹرز کی فروخت دباؤ کا شکار رہی
کراچی(بزنس رپورٹر)آٹو موٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں گاڑیوں کی فروخت 43 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ۔ ماہرین اس تیزی کو بہتر معاشی استحکام، نئی گاڑیوں کے ماڈلز کی دستیابی اور بینکوں کی جانب سے نسبتاً آسان آٹو فنانسنگ سہولتوں کا نتیجہ قرار دے رہے ہیں ۔پاما رپورٹ کے مطابق سال 2025 کے مقابلے میں سال 2026 میں گاڑیوں کی فروخت میں 36 فیصد جبکہ ماہانہ بنیاد پر 74 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔رواں مالی سال کے پہلے 7ماہ میں مجموعی فروخت 43 فیصد بڑھ کر ایک لاکھ 11 ہزار377 یونٹس تک پہنچ گئی۔ دسمبر 2025 میں گاڑیوں کی فروخت 13 ہزار 280 یونٹس رہی تھی جو جنوری 2026 میں 23 ہزار 55 کا ہندسہ چھوگئی ۔
دوسری جانب دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کے شعبے میں بھی مضبوط نمو سامنے آئی ۔جنوری 2026 میں اس کی فروخت سالانہ بنیاد پر 31 فیصد بڑھ کر ایک لاکھ 81 ہزار 790 یونٹس تک جا پہنچی۔ سات ماہ میں یہ فروخت 32 فیصد اضافے سے 11 لاکھ 5 ہزار 549 یونٹس ریکارڈ کی گئی ۔ ٹرکوں اور بسوں کی فروخت سالانہ بنیاد پر 77 فیصد اضافے سے1 ہزار 101 یونٹس ہو گئی۔پہلے 7ماہ میں یہ فروخت91 فیصد اضافے کے ساتھ 4 ہزار 632 یونٹس تک پہنچ گئی۔ پاما کے مطابق ٹریکٹرز کی فروخت میں سالانہ 9 فیصد اور ماہانہ 26 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ۔7ماہ میں ٹریکٹرز کی مجموعی فروخت مسلسل دباؤ کا شکار رہتے ہوئے صرف 15 ہزار 434 یونٹس تک محدود رہی۔