پنجاب میں3ماہ کے اندر فلڈ زونز خالی کرانے کا فیصلہ:مریم نواز نے منظوری دے دی
پی ڈی ایم اے کی ری سٹرکچرنگ ،17منی ڈیم بنانے پر اتفاق اجلاس میں شارٹ، میڈیم اور لانگ ٹرم پلاننگ پر رپورٹ پیش
لاہور(دنیانیوز)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب میں تین ماہ کے اندر فلڈ زون خالی کر انے کی منظوری دے دی ۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت پوسٹ فلڈ انتظامات کیلئے خصوصی اجلاس گزشتہ روز ہوا جس میں متعلقہ محکموں نے تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے دریا کی گزرگاہوں میں تعمیرات بنانے کی پابندی پر عملدرآمد یقینی کوبنانے کا حکم دیا، اجلاس میں آبی گزرگاہوں میں قائم غیر قانونی تعمیرات سیلاب سے گرنے کی صورت میں امداد نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ مریم نواز نے آبی گزرگاہوں میں غیر قانونی تعمیرات کے سدباب کے لئے مستقل مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ فلڈ زون میں تعمیرات بنانے پر پابندی کیلئے سپریم کورٹ بھی فیصلہ دے چکی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے چنیوٹ میں بند بنانے کے لئے فیزیبلٹی رپورٹ مکمل ہونے پرچنیوٹ میں بند بنانے کی اصولی منظوری دے دی اوران فلیٹ ایبل ڈیم ٹیکنالوجی متعارف کرانے کی ہدایت کی ۔
اجلاس میں پنجاب میں 17 مقامات پر منی ڈیم بنانے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا جبکہ کالا باغ اور سد ھنائی کے مقامات پر آبی ذخائرکی استعداد بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں پی ڈی ایم اے کی ری سٹرکچرنگ اور 8 نئے ونگ بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ مریم نواز نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر، ریجنل ڈیزاسٹر اور ویئر ہاؤس قائم کرنے اورریسکیو 1122کوفلڈ آپریشن کے لئے جدید ترین آلات مہیا کرنے کی منظوری بھی دی۔ وزیراعلیٰ کو اجلاس میں شارٹ، میڈیم اور لانگ ٹرم پلاننگ پر تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی۔مریم نواز نے سرائیکی اجرک کے دن پر خصوصی پیغام میں کہاکہ سرائیکی اجرک میری پسندیدہ ہے جواخلاص ومحبت کا استعارہ ہے ۔انہوں نے سرائیکی زبان میں کہاکہ سارے بھراواں کُو سرائیکی ڈینہہ دی مبارک تھیوے ،اجرک سرائیکی خطے کی صدیوں پرانی ثقافتی علامت ہے ،سرائیکی تہذیب و تمدن میں محبت، پیار، یگانگت اور خلوص جھلکتا ہے ۔