صنعتوں کو ہفتے میں دو دن گیس بندش کا فیصلہ نقصان دہ قرار
پیداوار، برآمدات اور روزگار کے مواقع متاثر ہونگے ،صدر کراچی چیمبر
کراچی(بزنس رپورٹر)کراچی چیمبرنے صنعتوں کو ہفتے میں دو دن گیس کی فراہمی بند کرنے کے حکومتی فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے معیشت اور برآمدات کیلئے نقصان دہ قرار دیا ۔ چیئرمین بی ایم جی زبیر موتی والا اور صدر کے سی سی آئی ریحان حنیف نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ گیس بندش سے صنعتی پیداوار متاثر ہوگی، اس وقت ملکی صنعت پہلے ہی مہنگی توانائی، بلند پیداواری لاگت اورغیریقینی پالیسیوں کے باعث سخت دباؤ کا شکار ہے جبکہ فروری میں برآمدات میں 8.76 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ،ایسے حالات میں دو دن گیس کی فراہمی بند کرنے کا فیصلہ صنعتی سرگرمیوں کو مزید سست کرسکتا ہے ۔ بزنس رہنماؤں کے مطابق کئی صنعتی یونٹس پہلے ہی مہنگی بجلی اور گیس کے باعث اپنی پیداوار کم کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں ،اگر گیس کی فراہمی مزید محدود کی گئی تو اس کے نتیجے میں صنعتی پیداوار، برآمدات اور روزگار کے مواقع متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ جائے گا ۔