ایس ای سی پی:فروری میں 3 ہزار 444 کمپنیوں کا اندراج

ایس ای سی پی:فروری میں 3 ہزار 444 کمپنیوں کا اندراج

مجموعی تعداد 2 لاکھ 87 ہزار سے متجاوز،82 کمپنیوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری چین کے بعد امریکا ، برطانیہ کے سرمایہ کاروں کی مائننگ وٹریڈنگ میں دلچسپی

کراچی(بزنس رپورٹر)سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کے مطابق فروری 2026 کے دوران ملک بھر میں 3 ہزار 444 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں جس کے بعد رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 2 لاکھ 87 ہزار 49 ہو گئی ۔نئی رجسٹر ڈہونے والی کمپنیوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا رجحان بھی نمایاں رہا۔ رپورٹ کے مطابق 82 نئی کمپنیوں میں غیر ملکی شراکت داری شامل ہے جبکہ چین سے تعلق رکھنے والی 44 کمپنیوں کے نمائندوں نے ڈائریکٹر شپ حاصل کی، اسکے علاوہ امریکا، برطانیہ، کینیڈا ، جرمنی سمیت مختلف ممالک کے سرمایہ کاروں نے بھی نئی کمپنیوں میں سرمایہ کاری اور شراکت داری کی۔اعداد و شمار کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاروں نے مائننگ، ٹریڈنگ اور آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں کمپنیوں کی رجسٹریشن کرائی۔شعبہ وار تجزیے کے مطابق آئی ٹی اور ای کامرس کا شعبہ سب سے نمایاں رہا جہاں 723 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔ اس کے بعد ٹریڈنگ کے شعبے میں 531، سروسز میں 434 اور رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں 323 نئی کمپنیوں کا اندراج کیا گیا۔ اسکے علاوہ مائننگ، ٹیکسٹائل، تعلیم، صحت، کھیلوں کے سامان، کیبلز اور الیکٹرک گڈز سے متعلق شعبوں میں بھی نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن سامنے آئی جس سے مختلف صنعتی اور خدماتی شعبوں میں سرمایہ کاری کے بڑھتے رجحان کی عکاسی ہوتی ہے ۔پنجاب میں سب سے زیادہ 1 ہزار 696 کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں جبکہ اسلام آباد میں 656 اور سندھ میں 555 نئی کمپنیوں کا اندراج کیا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں