اسٹاک ایکسچینج میں ٹی پلس ون سیٹلمنٹ سسٹم کا کامیاب نفاذ
اقدام سے مارکیٹ جدید عالمی منڈیوں کے ہم پلہ ہو گئی ،چیئرمین ایس ای سی پی
کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹاک ایکسچینج میں لین دین کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے ٹی پلس ون سیٹلمنٹ سسٹم کا کامیاب نفاذ کر دیا گیا ۔اس پیش رفت کے ساتھ پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہو گیا ہے جہاں حصص کی خرید و فروخت کے سودے ایک کاروباری دن میں نمٹائے جاتے ہیں اور یوں ملک اس نظام کو اپنانے والا ساتواں ملک بن گیا ہے ۔نئے طریقہ کار کے تحت 9 فروری کو ہونے والے تمام سودے 10 فروری کو کامیابی سے سیٹل کر دیے گئے ۔مارکیٹ حکام کے مطابق عمل درآمد بغیر کسی بڑی رکاوٹ کے مکمل ہوا، جسے کیپٹل مارکیٹ کے انفرااسٹرکچر کی مضبوطی کا ثبوت قرار دیا جا رہا ہے ۔چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے ٹی پلس ون سیٹلمنٹ کے نفاذ کو تاریخی پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے پاکستان اسٹاک مارکیٹ جدید عالمی منڈیوں کے ہم پلہ ہو گئی ہے ۔