معیشت کو میکرو اکنامک استحکام مل گیا،گورنراسٹیٹ بینک

معیشت کو میکرو اکنامک استحکام مل گیا،گورنراسٹیٹ بینک

مالی سال کی معاشی نمو کا تخمینہ 3.75 سے 4.75 فیصد تک ہے ،جمیل احمد

کراچی(بزنس رپورٹر)بینک دولت پاکستان کی جانب سے کراچی میں زرعی قرضہ مشاورتی کمیٹی کا اجلاس ہواجس میں زرعی قرضوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے ساتھ شمولیتی اور پائیدار زرعی مالیات کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس سے خطاب میں گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو میکرو اکنامک استحکام مل گیا ہے ،اب یہ نمو کے زیادہ پائیدار راستے پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ مالی سال 26ء کی پہلی سہ ماہی میں حقیقی جی ڈی پی کی نمو بڑھ کر 3.7 فیصد تک پہنچ گئی۔

جبکہ پورے مالی سال کی معاشی نمو کا تخمینہ 3.75 سے 4.75 فیصد تک ہے ۔انہوں نے کہا کہ جنوری2026ء تک عمومی مہنگائی کم ہوکر5.8 فیصد پرآ چکی ہے جس سے زری پالیسی اس قابل ہوئی کہ وہ نمو کو سہارا بھی دے اور قیمتیں مستحکم بھی رہیں ۔گورنر نے زور دے کرکہا کہ زراعت کا شعبہ کھیتوں کی پیداواریت، دیہی روزگار کی معاونت اور غذائی سلامتی کو یقینی بنانے میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں