سٹاک مارکیٹ:بدترین مندی،5149پوائنٹس کی کمی،577ارب ڈوب گئے
فروخت کاشدید دباؤ،78فیصد حصص کی قیمتوں میں گراوٹ،100انڈیکس174453پوائنٹس کی کم ترین سطح پر بند کاروباری حجم 9فیصد زائد رہا ، عالمی دباؤ ، امن و امان کی خراب صورتحال اور مایوس کن مالی نتائج مندی کی وجہ :ماہرین
کراچی(بزنس رپورٹر)سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز رواں سال کی سب سے بڑی نوعیت کی مندی دیکھی گئی، جس سے انڈیکس کی 1لاکھ 79ہزار، 1لاکھ 78ہزار، 1لاکھ 77ہزار، 1لاکھ 76ہزار اور 1لاکھ 75ہزار پوائنٹس کی5 سطحیں گرگئیں ۔ بدترین مندی کے سبب 78فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جبکہ سرمایہ کاروں کے 5کھرب 77ارب روپے سے زائدڈوب گئے ۔ سٹاک سرمایہ کار اور بڑے مالیاتی ادارے دن بھر آئل اینڈ گیس کمپنیوں کے شیئرز فروخت کرتے رہے جس کے باعث انڈیکس آخری لمحات تک دباؤ کا شکار رہا ۔ ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر 100انڈیکس 6029پوائنٹس کی بدترین مندی کا بھی شکار ہوا ،تاہم اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پر دوبارہ خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے مندی کی شدت میں قدرے کمی واقع ہوئی۔ماہرین نے عالمی دباؤ ، ملک میں امن و امان کی خراب صورتحال ، بڑے مالیاتی اداروں کا شیئرز بیچنا اور کمپنیوں کے مایوس کن مالیاتی نتائج کو مندی کی وجہ قراردیا۔
کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 5149اعشاریہ 79 پوائنٹس کی کمی سے 174453اعشاریہ 94 پوائنٹس پر بند ہوا، اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 1629پوائنٹس کی کمی سے 53198پوائنٹس، آل شیئرز انڈیکس 3049 پوائنٹس کی کمی سے 104971پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 7017 پوائنٹس کی کمی سے 246378پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم 9فیصد زائد رہا ۔