زرعی رقبہ بڑھا کراربوں ڈالربچائے جاسکتے ،شاہد عمران
لاہور(اے پی پی)وفاقی چیمبرکی ریجنل کمیٹی برائے خوراک کے کنوینرشاہد عمران نے کہا ہے کہ۔۔۔
قابلِ کاشت رقبے کو گنے اور دالوں کی کاشت کے تحت لا کر غذائی اجناس کی درآمد پر خرچ ہونے والا سالانہ 8 ارب ڈالر سے زائد زرمبادلہ بچایا جا سکتا ہے ۔ اتوار کو کسانوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پالیسی سازوں پر زور دیا کہ وہ منڈی کی طلب کے مطابق طویل مدتی زرعی منصوبہ بندی مرتب کریں تاکہ خوراک کے شعبے کی پائیدار ترقی یقینی بنائی جا سکے ۔ انہوں نے کہاکہ مقامی کاشت کو فروغ دینے سے نہ صرف زرمبادلہ محفوظ ہوگا بلکہ دیہی روزگار میں اضافہ، زرعی بنیادوں پر قائم صنعتوں کا استحکام اور پاکستان کی معاشی مضبوطی و خود کفالت میں بھی مثبت کردار ادا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ زرخیز زمین اور موافق موسمی حالات ہونے کے باوجود ملک غذائی درآمدات پر بھاری انحصار کر رہا ہے ، مسور، چنا اور لوبیا جیسی دالوں کی کاشت میں اضافہ درآمدی انحصار کم کرنے کے ساتھ غذائی تحفظ کو بھی مضبوط بنائے گا۔