عالمی کشیدگی کے اثرات، سونا 10ہزار روپے فی تولہ مہنگا

عالمی کشیدگی کے اثرات، سونا 10ہزار روپے فی تولہ مہنگا

تولہ سونا 5لاکھ 50ہزار 562، 10گرام 4لاکھ 72ہزار 18کاہوگیا چاندی قیمت 388روپے اضافے کے بعد 9ہزار 862روپے پر پہنچ گئی

کراچی (کامرس رپورٹر)عالمی کشیدگی سے سونے چاندی کے دام مسلسل بڑھنے لگے ، اسی تناظر میں مقامی صرافہ بازاروں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ، جس کے باعث خریداروں اور سرمایہ کاروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ آل پاکستان صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق فی تولہ سونا 10 ہزار روپے کے نمایاں اضافے سے بڑھ کر 5 لاکھ 50 ہزار 562روپے کی سطح پر پہنچ گیا۔ رپورٹ کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت بھی 8 ہزار 574 روپے اضافے کے بعد 4 لاکھ 72 ہزار 18 روپے ہوگئی، جو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطحوں میں شمار کی جا رہی ہے ۔ ماہرین کے مطابق روپے کی قدر میں اتار چڑھاؤ، عالمی مارکیٹ میں تیزی اور سرمایہ کاروں کا محفوظ سرمایہ کاری کی جانب رجحان اس اضافے کی بنیادی وجوہات ہیں، عالمی منڈی میں بھی سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا، جہاں فی اونس سونا 100 ڈالر مہنگا ہو کر 5 ہزار 278 ڈالر تک جا پہنچا۔ بین الاقوامی سطح پر جغرافیائی، سیاسی کشیدگی، مہنگائی کے خدشات اور مرکزی بینکوں کی پالیسیوں کے باعث قیمتی دھاتوں کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے ، ادھر چاندی کی قیمت میں بھی خاطر خواہ اضافہ ریکارڈ کیا گیافی تولہ چاندی 388 روپے اضافے کے بعد 9 ہزار 862 روپے پر پہنچ گئی ڈیلرز کے مطابق چاندی کی صنعتی طلب میں اضافے اور عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کے مسلسل بڑھتے ہوئے رجحان نے مقامی سطح پر بھی نرخ اوپر کی جانب دھکیل دیئے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں