مشرقِ وسطیٰ میں جنگی صورتحال، وفاقی چیمبرکااظہارتشویش
کراچی(بزنس رپورٹر)وفاقی چیمبر کے صدر عاطف اکرام شیخ نے مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی جنگی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا کہ۔۔۔
خطے میں عدم استحکام نہ صرف انسانی المیے کو جنم دے سکتا ہے بلکہ عالمی اور پاکستانی معیشت کیلئے بھی سنگین خطرات پیدا کر رہا ہے ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پورے خطے کا معاشی اور انسانی مستقبل داؤ پر لگ چکا ہے ، ان کے مطابق اگر کشیدگی میں اضافہ ہوا تو عالمی تجارتی سرگرمیاں شدید متاثر ہوں گی۔صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کا تقریباً 30 فیصد حصہ آبنائے ہرمز کے ذریعے گزرتا ہے ،اگر اس اہم گزرگاہ پر تیل کی تجارت متاثر یا معطل ہوتی ہے تو اس کے اثرات پوری دنیا کی معیشت پر مرتب ہوں گے ۔انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ موجودہ صورتحال کے باعث کروڈ آئل کی قیمت عالمی منڈی میں 130 ڈالر فی بیرل تک پہنچ سکتی ہے جس سے درآمدی بل میں نمایاں اضافہ ہوگا اور پاکستان جیسے توانائی درآمد کرنے والے ممالک کو شدید دباؤ کا سامنا کرنا پڑے گا۔ عاطف اکرام شیخ کا کہنا تھا کہ خطے میں عدم استحکام کے نتیجے میں تجارتی راستے متاثر ہوں گے ، شپنگ لائنز کے اخراجات میں بے پناہ اضافہ ہوگا اور انشورنس پریمیم بھی بڑھ جائیں گے۔ انہوں نے حکومتِ پاکستان پر زور دیا کہ پٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے فوری اور دیرپا پالیسی تشکیل دی جائے۔