اسٹاک ایکسچینج:کاروباری ہفتے کا زبردست آغاز،85ارب منافع
1ہزار 225پوائنٹس کی تیزی سے 100 انڈیکس 1لاکھ 53ہزار 966پر بند آئی ٹی ، بینکنگ ، فارما ودیگر سیکٹر متحرک، مجموعی حجم 17ہزار 152روپے ہوگیا
کراچی(بزنس رپورٹر)امریکا اور ایران کے مابین جنگ بندی کے مذاکرات میں مثبت پیشرفت، عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی اور ایشیائی اسٹاک مارکیٹس کا مثبت زون میں جانا کاروباری ہفتے کے پہلے روز اسٹاک مارکیٹ کو سرپلس کرگیا ۔ مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا، دوران ٹریڈنگ 100 انڈیکس 4 ہزار 702 پوائنٹس بڑھ کر یومیہ 1لاکھ57 ہزار 422 پوائنٹس کی نفسیاتی حد تک ٹریڈ ہوا ،تاہم مالیاتی اداروں کی پرافٹ ٹیکنگ مقامی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے اور ممکنہ توانائی بحران کی منفی خبروں سے 100 انڈیکس کی جاری تیزی کی رفتار مدھم پڑگئی۔ دن بھر آئل اینڈ گیس ، بینکنگ ، فارما ، آئی ٹی اور کیمیکل کمپنیوں کے شیئرز میں ریل پیل ریکارڈ کی گئی۔کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 1 ہزار 225 پوائنٹس کی تیزی سے 1 لاکھ 53 ہزار 966 پوائنٹس پر بند ہوا ،اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 472 پوائنٹس بڑھ کر 46ہزار 696 پوائنٹس اور آل شیئرز انڈیکس 457 پوائنٹس کے اضافے سے 92 ہزار 315 پوائنٹس پر بند ہوا ۔ مجموعی طور پر 569 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہواجن میں سے 277 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ ، 141 میں کمی اور 151 میں استحکام رہا۔اس دوران سرمایہ کاروں کو 85 ارب روپے کا منافع ہوا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم بڑھ کر 17ہزار 152 روپے ہوگیا۔گزشتہ روز 22 ارب 97 کروڑ 62 لاکھ 40 ہزار 764 روپے مالیت کے 37 کروڑ 53 لاکھ 42 ہزار 111 شیئرز کا کاروبار ریکارڈ کیا گیا۔