دوماہ:چین کو برآمدات میں 28فیصد اضافہ ریکارڈ
خوراک وزراعت سے متعلق برآمدات 8.9ملین ڈالر تک پہنچ گئیں
بیجنگ(این این آئی)رواں سال کے پہلے دو ماہ کے دوران پاکستان کی چین کو برآمدات میں سالانہ بنیاد پر 27.68 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تجارتی تعلقات اور جنوبی چین کے صنعتی و فوڈ پروسیسنگ مراکز کی جانب سے مضبوط طلب کی عکاسی ہے ۔چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق یہ اعداد و شمارجی اے سی سی کی جانب سے جاری کیے گئے ۔جی اے سی سی کے مطابق جنوری تا فروری 2026 کے دوران پاکستان کی برآمدات 566.75 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ 2025 کے اسی عرصے میں یہ 443.88 ملین ڈالر تھیں۔گوانگڑو میں پاکستان کے قونصل خانے میں ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ قونصلر محمد عمران نے بتایا کہ جنوبی چین میں خوراک اور زراعت سے متعلق درآمدات میں 28.9 فیصد اضافہ ہو کر 8.9 ملین ڈالر تک پہنچ گیاجبکہ معدنیات اور کان کنی سے متعلق درآمدات 23 فیصد بڑھ کر 96.3 ملین ڈالر ہو گئیں۔