موبی لنک بینک کی ایک تہائی برانچز قابل تجدید توانائی پر منتقل
ماحولیاتی تحفظ کیلئے اقدامات قابلِ ستائش ہیں، سی ای او ویون کان ترزی اوغلو
کراچی (بزنس ڈیسک) موبی لنک بینک پاکستان میں اپنے ماحولیاتی، سماجی اور گورننس (ای ایس جی) وژن کے تحت تبدیلی کے عمل کو آگے بڑھا کر پائیدار بینکاری کے شعبے میں ایک نئی مثال قائم کر رہا ہے، بینک کا ایک تہائی سے زائد ملک گیر برانچ نیٹ ورک اب قابلِ تجدید توانائی پر منتقل ہو چکا جو کاربن گیسوں کے اخراج میں کمی لانے اور سب کیلئے قابلِ رسائی مالیاتی نظام کی دستیابی کی جانب ایک مضبوط قدم ہے ۔اس حوالے سے ویون گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور بورڈ ممبر، کان ترزی اوغلو نے موبی لنک بینک کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بینک کے جدید ڈیجیٹل آپریشنل ماڈل، صارف دوست مالیاتی سہولیات اور ماحولیاتی پائیداری سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے صارفین سے ملاقات کی اور اس بات کا مشاہدہ کیا کہ کس طرح بینک محفوظ، آسان اور جدید مالیاتی خدمات بڑے پیمانے پر فراہم کر رہا ہے۔
کان ترزی اوغلو نے کہا کہ موبی لنک بینک کے نظام میں پائیدار ترقی کو ملحوظِ خاطر رکھنا بروقت اور مؤثر قدم ہے ۔ گرین فنانسنگ کے فروغ کے ساتھ ساتھ بڑے پیمانے پر ڈیجیٹل مالیاتی سہولیات کو عام کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ بینک ذمہ دارانہ ترقی کے لئے سنجیدہ ہے ۔موبی لنک بینک کے صدر وسی ای او حارث محمود چوہدری نے کہا کہ پائیدارترقی کا فروغ موبی لنک بینک کا کوئی علیحدہ ایجنڈا نہیں بلکہ ہماری ترقی کی بنیاد ہے ، ہم پاکستان میں خاص طور پر چھوٹے کاروباری اداروں کیلئے ایک ایسا بڑا بینک بن کر ابھر رہے ہیں جو جدید ڈیجیٹل سہولیات، ای ایس جی اصولوں اور دور رس اثرات مرتب کرنے کے قابل ایک منفرد ماڈل پر مبنی ہے۔