اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوران مندی کا رجحان
عالمی ومقامی معاشی دباؤ کے باعث سرمایہ کار محتاط، انڈیکس 1308پوائنٹس گرا شدید اتار چڑھاؤ رہا، 0.90فیصد تنزلی، مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں بھی نمایاں کمی
کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوران مندی کا رجحان غالب رہا، جہاں عالمی اور مقامی معاشی دباؤ کے باعث سرمایہ کار محتاط دکھائی دیئے ۔ بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1308 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد انڈیکس 0.90 فیصد تنزلی کے ساتھ 150,398 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، رپورٹ کے مطابق کاروباری ہفتے کے دوران مارکیٹ شدید اتار چڑھاؤ کا شکار رہی، جہاں 100 انڈیکس کی بلند ترین سطح 157,347 پوائنٹس جبکہ کم ترین سطح 144,656 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی۔ ایک ہفتے میں سرمایہ کاروں نے 140 ارب روپے کا تقریباً 2 ارب 45 کروڑ شیئرز کا لین دین کیا، اعداد و شمار کے مطابق مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں بھی نمایاں کمی دیکھنے میں آئی اور ایک ہفتے میں 160 ارب کی کمی کے بعد مجموعی مالیت 16,725 ارب تک محدود ہو گئی، اسٹاک ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ، توانائی بحران اور مقامی سطح پر پٹرولیم قیمتوں کا تاریخی بلندیوں تک پہنچنا سرمایہ کاروں کیلئے تشویش کا باعث بنا، توانائی لاگت میں اضافے اور صنعتی شعبے کو درپیش چیلنجز نے نہ صرف کاروباری سرگرمیوں کو متاثر کیا بلکہ اسٹاک مارکیٹ کی کارکردگی کو بھی دباؤ میں رکھا۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ کے ایس ای 100 انڈیکس دورانِ ہفتہ 12 نفسیاتی حدوں کے درمیان ٹریڈ کرتا رہا۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ توانائی قیمتوں میں استحکام اور معاشی پالیسیوں میں واضح سمت آنے تک مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔