سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کاکریڈٹ رسک شیئرنگ پراڈکٹ متعارف
نیشنل کریڈٹ گارنٹی کمپنی کی ڈیجیٹل رسک شیئرنگ پراڈکٹ روایتی کریڈٹ کامتبادل مالیاتی اداروں کے مابین رسک کی شیئرنگ کاماڈل اپنایا گیا ، اسلامی فنانس کوفروغ ملے گا
اسلام آباد(اے پی پی)سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی )نے ملک میں مائیکرو فنانس، چھوٹے کاروبار، زراعت کے شعبے میں شریعہ کمپلائنٹ اسلامک فنانس کی فراہمی کے لیے کریڈٹ رسک شیئرنگ پراڈکٹ متعارف کروا دی۔ جاری بیان کے مطابق نیشنل کریڈٹ گارنٹی کمپنی لمیٹڈ کی تیار ڈیجیٹل رسک شیئرنگ پراڈکٹ روایتی کریڈٹ گارنٹی کا متبادل پیش کرتی ہے جس میں مالیاتی اداروں کے مابین رسک کی شیئرنگ کا ماڈل اپنایا گیا ہے ۔ اس نظام کے تحت شریک ادارے عطیہ (تبرع) کی بنیاد پر قائم ایک مشترکہ فنڈ میں حصہ ڈالتے ہیں، جسے نیشنل کریڈٹ گارنٹی کمپنی بطور وکالہ ایجنٹ (وکیل) منظم کرتا ہے ۔ قرض کے ڈیفالٹس کی صورت میں نقصانات اسی فنڈ سے پورے کیے جاتے ہیں، جس سے بغیر کسی یقینی منافع کے حقیقی رسک میں شیئرنگ ممکن ہوتی ہے ۔ رسک کی یہ شیئرنگ سے کمپنی کے کریڈٹ کا رسک کم ہوتا ہے ، جبکہ فنانس کی دستیابی میں اضافہ اور ریگولیٹری شریعہ کمپلائنس کی تعمیل کو یقینی بناتی ہے ۔ایس ای سی پی کی شریعہ ایڈوائزری کمیٹی نے اس ڈھانچے کا جائزہ لے کر اس پراڈکٹ کی منظوری دی ہے ۔ کمیٹی نے موثر نفاذ کے لیے گورننس اور دستاویزی نظام کو مزید مضبوط بنانے کی بھی سفارشات دی ہیں۔اس رسک شیئرنگ سے چھوٹے کاروبار ، زراعت اور دیگر میڈیم انٹر پرائزز کے لیے مالیاتی سہولتوں تک رسائی میں اضافہ ہو گا۔