پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ، الیکٹرونکس ڈیلرزکا احتجاج کا اعلان
مہنگائی کا سب سے زیادہ بوجھ متوسط طبقے پر پڑ رہا ہے ،صدر رضوان عرفان
کراچی(بزنس رپورٹر) کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر رضوان عرفان نے کہا ہے کہ پٹرولیم قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کسی صورت قابل قبول نہیں اور اس کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پٹرولیم قیمتوں میں مسلسل اضافے سے مہنگائی کا نیا طوفان آگیا جس کا سب سے زیادہ بوجھ متوسط طبقے پر پڑ رہا ہے ۔ان کے مطابق حکومت کی جانب سے تمام مالی بوجھ عوام پر منتقل کرنا نہ صرف معاشی مشکلات میں اضافہ کرے گا بلکہ کاروباری سرگرمیوں کو بھی شدید متاثر کرے گا جس سے ملکی معیشت مزید دباؤ کا شکار ہو سکتی ہے ۔رضوان عرفان کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے سے ٹرانسپورٹ، پیداواری لاگت اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہو جاتا ہے جس کے اثرات براہ راست عام صارفین تک منتقل ہورہے ہیں ۔تاجر رہنما کے مطابق آئندہ کے لائحہ عمل کے تعین کیلئے کراچی کے تاجر رہنماؤں کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے جس میں ممکنہ احتجاجی اقدامات پر غور کیا جائے۔