غیر ملکی نمائشوں کیلئے سبسڈی بحال کی جائے ،کارپٹ مینو فیکچررز
فلڈ سرچارج اور سپر ٹیکس کو مستقل طور پر ختم کیا جائے ،قائم مقام چیئرمین ریاض احمد
اسلام آباد (این این آئی)کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹر زایسوسی ایشن نے وفاقی حکومت کو آئندہ مالی سال کے بجٹ کیلئے 6نکات پر مشتمل تجاویز اور مطالبات ارسال کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ حکومت ان تجاویز کو بجٹ دستاویز کا حصہ بنائے گی ۔ پی سی ایم ای اے کے قائم مقام چیئرمین ریاض احمد کی جانب سے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کے نام تحریر کردہ خط میں آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ود ہولڈنگ ٹیکس میں ترمیم کا مطالبہ کرتے ہوئے تجویز پیش کی کہ ایک فیصد فکسڈ ٹیکس کی طرز پر 1.5 فیصد شرح سے حتمی فکسڈ ٹیکس بحال کیا جائے ۔ مزید برآں فلڈ سرچارج اور سپر ٹیکس کو مستقل طور پر ختم کیا جائے ۔ ریاض احمد نے غیر ملکی نمائشوں کیلئے 80/20سبسڈی کی ای ڈی ایف سپورٹ کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہاتھ سے بنے قالینوں اور عمومی برآمد کنندگان کے لئے بین الاقوامی نمائشوں میں شرکت کی حوصلہ افزائی کے لیے اس سبسڈی کی بحالی نا گزیر ہے۔