کویت چیمبراور ٹڈاپ کے اشتراک سے بزنس فورم کا انعقاد
30 سے زائد کمپنیوں کی شرکت،چاول، گوشت کی برآمدات بڑھانے پر اتفاق
کراچی(بزنس ڈیسک)کویت میں پاکستان کے سفارت خانے نے کویت چیمبرکے اشتراک سے خوراک اور زرعی مصنوعات پر ایک ہائبرڈ بزنس ٹو بزنس فورم کامیابی کے ساتھ منعقد کیا۔پاکستانی وفد کی قیادت کویت میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظفر اقبال نے کی جو دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت کا عکاس ہے ۔ کویتی جانب کی قیادت کے سی سی آئی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل فراس الاودہ نے کی جبکہ 30 کویتی کمپنیوں نے شرکت کی ۔پاکستان کی جانب سے ایف پی سی سی آئی لاہور چیپٹر کے نائب صدر ذکی اعجاز اور اسلام آباد چیپٹر کے نائب صدر و چیئرمینکریم عزیز ملک نے سیشن سے خطاب کیا۔ ٹڈاپ کے ڈائریکٹر اطہر کھوکھر نے زرعی اور غذائی برآمدات میں پاکستان کی مضبوط صلاحیت کو اجاگر کیا۔ٹڈاپ کی جانب سے ایک جامع پریذنٹیشن پیش کی گئی جس میں پاکستان اور کویت کے درمیان مضبوط مگر کم استعمال شدہ تجارتی تعلقات کو نمایاں کیا گیا اور اعلیٰ معیار کی زرعی و غذائی مصنوعات کی فراہمی میں پاکستان کی استعداد پر زور دیا گیا، اہم شعبوں میں چاول، پھل و سبزیاں، گوشت، سمندری غذا اور ویلیو ایڈڈ فوڈ پروڈکٹس شامل تھے جبکہ سمندری اور فضائی راستوں کے ذریعے موجودہ لاجسٹک سہولیات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔