پولیس کو من چاہا بجٹ دیا، اسلحہ اور گاڑیاں دیں، پنجاب میں جرائم کا اچانک بڑھنا شرمناک : مریم نواز

پولیس کو من چاہا بجٹ دیا، اسلحہ اور گاڑیاں دیں، پنجاب میں جرائم کا اچانک بڑھنا شرمناک : مریم نواز

قتل، ڈکیتی، اغوا اور گمشدگی جیسے واقعات کا تسلسل بڑھنا قطعاً برداشت نہیں،گجرات میں برا حال ، بس روک کر بیگ چھینے گئے ، منشیات کے اعداد وشمار دیکھ کر شرم آتی ،بس کنڈکٹر نے بچی کو مارا شیخوپورہ اور فیصل آباد میں جرائم کنٹرول نہ ہونے پر متعلقہ افسروں کی سرزنش ،سی سی ڈی کی آنر شپ لینے سے میرے اہل خانہ بھی فکر مند ہوئے ،جرائم واقعات کی ویڈیوز دکھا کر سخت برہمی

لاہور (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاہے کہ پولیس کو من چاہا بجٹ دیا ،اسلحہ اور گاڑیاں دیں ،پنجاب میں اس کے باوجود جرائم کا اچانک بڑھنا شرمناک ہے ،انہوں نے صوبے میں جرائم کی بڑھتی ہوئی شرح پر سخت نوٹس لیتے ہوئے ہنگامی اجلاس طلب کیا اور پولیس حکام کو واضح ہدایات جاری کیں کہ امن و امان کے قیام کیلئے فوری اور مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔اجلاس میں وزیراعلیٰ نے جرائم کے مختلف واقعات کی ویڈیوز خود شیئر کر کے شرکا کو دکھائیں اور شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ پولیس افسروں سے بازپرس کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جرائم کی روک تھام کیلئے پیشگی حکمت عملی اپنائی جائے۔

ویڈیو لنک کے ذریعے آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ جرائم میں اچانک اضافہ شرمناک اور تشویشناک ہے ۔ قتل، ڈکیتی، اغوا اور گمشدگی جیسے سنگین جرائم کا تسلسل کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا ،چھوٹے سے چھوٹا جرم بھی جرم ہے ، اسے روکنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پولیس کو ہر قسم کی سیاسی مداخلت سے پاک کر دیا گیا ہے ، افسروں کو مکمل اختیارات، وسائل اور ریکارڈ بجٹ فراہم کیا گیا، اب کارکردگی دکھانا ہوگی۔ گزشتہ دو برس میں پولیس کو 527 ارب روپے کا بجٹ، جدید اسلحہ، آلات اور گاڑیاں فراہم کی گئیں۔ اب کسی پولیس افسر کو ایم پی اے یا ایم این اے کا بندہ آنے کا ڈرخوف نہیں،پچھلے دور میں سیاسی وابستگیوں سے تعیناتیاں ہوتی تھیں، اب سیاسی مداخلت بالکل صفر ہے ۔ سی سی ڈی کی آنر شپ لینے کی وجہ سے میرے اہل خانہ بھی فکر مند ہوئے لیکن عوام کو تحفظ اور سکون کا احساس دینا چاہتے ہیں۔

امن و امان میں بہتری کے لئے جو کرنا پڑاکروں گی، سختی برتنا پڑی تو سختی بھی برتیں گے ۔وزیراعلیٰ نے شیخوپورہ اور فیصل آباد میں جرائم پر قابو نہ پانے پر متعلقہ افسروں کی سرزنش کی اور سی سی ڈی کے ساتھ مکمل تعاون کی ہدایت کی۔ مریم نواز کاکہناتھاکہ گجرات میں براحال ہے ،مسافروں سے لوٹ مار ہوئی ،بس روک کر بیگ چھینے گئے ،بس کنڈکٹر نے بچی کو مارا ،انہوں نے گلبرگ میں گاڑی کی بیٹری چوری اور دیگر وارداتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات عوام میں خوف و ہراس پیدا کرتے ہیں اور ان کی روک تھام ہر صورت یقینی بنانا ہوگی۔ منشیات کے بڑھتے واقعات پر بھی انہوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا اورکہا کہ صوبہ بھر میں سیف سٹی قائم ہونے کے باوجودجرائم سرزد ہونا قابل فکر ہے ۔

جڑانوالہ میں سینئر صحافی مقبول احمد لودھی کے گھر دن دہاڑے ڈکیتی کے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے ملزموں کی فوری گرفتاری کا حکم دیا اور کہا کہ عوام کا اعتماد بحال کرنا ناگزیر ہے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ضلع خیبر میں 18 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔دریں اثنا عالمی یومِ ارض کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ زمین کو سرسبز بنانا موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف مؤثر ترین ہتھیار ہے ۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ پلاسٹک کے استعمال سے گریز کریں اور شجرکاری کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں۔انہوں نے کہا کہ زمین صرف ہماری نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کی امانت ہے ، اس کے تحفظ کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں