پہلگام واقعہ فالس فلیگ آپریشن تھا : بھارتی مہم جوئی کا آئندہ فیصلہ کن جواب دینگے : عطا تارڑ

پہلگام واقعہ فالس فلیگ آپریشن تھا : بھارتی مہم جوئی کا آئندہ فیصلہ کن جواب دینگے : عطا تارڑ

ملک کی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا،آپریشن بنیان مرصوص میں منہ کی کھائی ،دہشتگردی پالیسی بھی ناکام ہو جائے گی نئے آپریشن سندور کے بارے میں بھارتی عسکری قیادت کے بیانات شکست کا اعتراف:وفاقی وزیر اطلاعات کی خصوصی گفتگو

اسلام آباد(نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاتارڑ نے کہاہے کہ پہلگام واقعہ بھارت کا فالس فلیگ آپریشن تھا، کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا فیصلہ کن جواب دینگے ،ملک کی خودمختاری،سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا، بھارت کو جس طرح معرکہ حق کے دوران آپریشن بنیان مرصوص میں منہ کی کھانا پڑی، اسی طرح دہشت گردی کی پالیسی میں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا،وزیراعظم  شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک محنت کے نتیجے میں آج پاکستان امن کیلئے کاوشیں کر رہا ہے۔

خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کا ایک سال مکمل ہو گیا مگر بھارت اپنے موقف کے حق میں شواہد پیش نہیں کر سکا، انہوں نے کہا دہشت گردی بھارت کا اندرونی معاملہ ہے جسے وہ بیرونی مسئلہ بنا کر پیش کرتا ہے ،جموں و کشمیر کا تنازع ایک تسلیم شدہ بین الاقوامی مسئلہ ہے جسے بھارت داخلی معاملہ قرار دیتا ہے ، انہوں نے کہا پہلگام واقعہ ایک پرانی ٹیکسٹ بک جیسا معاملہ تھا، وزیراعظم نے آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی تو بھارت خوفزدہ ہو گیا۔

بھارت کے پاس اس کا کوئی خاطر خواہ جواب نہیں تھا ،پہلگام واقعے کے محض دس منٹ کے اندر ایف آئی آر کا اندراج اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ اس کا متن پہلے سے تیار تھا۔ مختلف ممالک میں سکھ رہنماؤں کے قتل کے حوالے سے شواہد اس امر کی نشاندہی کرتے ہیں کہ بھارتی ریاست ان معاملات میں ملوث ہے ،کلبھوشن یادیو کی گرفتاری کے بعد بھارت کی دہشت گردی پر مبنی پالیسی واضح طور پر بے نقاب ہو چکی ہے ۔ فتنہ الہندوستان بی ایل اے اور فتنہ الخوارج ٹی ٹی پی جیسے عناصر کے ذریعے پاکستان میں بدامنی کو فروغ دیا جا رہا ہے ۔

پاکستان کے پاس دہشت گردی میں بھارت کے ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں جو بین الاقوامی برادری اور عالمی میڈیا کے ساتھ بھی شیئر کئے جاتے رہے ہیں،انہوں نے کہاکہ جعفر ایکسپریس ، خضدار واقعہ سمیت دہشت گردی کے دیگر واقعات میں بھارت کے کردار کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں، وزیر اطلاعات نے کہاکہ پاکستان اپنی خودمختاری، وقار اور سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا، انہوں نے کہا کہ بھارتی عسکری قیادت کے نئے آپریشن سندور کے بارے میں حالیہ بیانات دراصل ان کی ناکامی اور شکست کا اعتراف ہیں،بھارت کو یہ بات واضح طور پر سمجھ لینی چاہئے کہ کسی بھی قسم کے مس ایڈوینچر کا فوری، موثر اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں