پاک جنوبی کوریا مشترکہ تجارتی کمیٹی کے قیام پر اتفاق
سرمایہ کاری بھی بڑھائی جائیگی،جام کمال اور کورین وزیر تجارت میں ورچوئل ملاقات
اسلام آباد (دنیا نیوز)پاکستان اور جنوبی کوریا کے مابین مشترکہ تجارتی کمیٹی کے قیام اور سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے ۔وفاقی وزیر تجارت جام کمال اور کورین وزیر تجارت ییو ہان کو کے درمیان ورچوئل ملاقات ہوئی جس میں پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان سیپا پر مشاورت شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات میں اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔کورین وزیر تجارت نے پاکستان کی قیادت کو خطے میں امن کے فروغ پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے امریکا ایران تنازع میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی امن کوششیں صرف خطے ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کے لئے بہترین ہیں۔انہوں نے کہا کہ بہت ساری کورین کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہاں ہیں، وہ پاکستان کو محفوظ ترین اور پُرکشش ملک سمجھتی ہیں،کورین کمپنیوں کو بالخصوص مینوفیکچرنگ اور توانائی کے شعبوں میں پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ہے۔