اسٹاپ الیگل ٹریڈ کی ایف بی آر کے اقدامات کی تعریف

اسٹاپ الیگل ٹریڈ کی ایف بی آر کے اقدامات کی تعریف

کراچی(بزنس ڈیسک)اسٹاپ الیگل ٹریڈ (ایس آئی ٹی)نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے گزشتہ ایک سال کے دوران کیے گئے نفاذی اقدامات کو سراہا ہے جن کے نتیجے میں غیر قانونی تجارت کی روک تھام میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔۔۔

ان اقدامات میں غیر قانونی مینوفیکچرنگ یونٹس کو سیل کرنا، غیر قانونی سگریٹس کے ذخائر ضبط کرنا اور خام مال کی برآمدگی شامل ہے ۔ نفاذی کارروائیاں پیداوار سے لے کر ریٹیل سطح تک غیر قانونی سپلائی چین کو توڑنے کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ایس آئی ٹی نے وفاقی حکومت کی جانب سے کی گئی قانون سازی کو بھی سراہا جس کے تحت صوبائی حکومتوں کو نفاذی اختیارات دیے گئے ہیں اور اسے ایک ساختی تبدیلی قرار دیا جو غیر قانونی سگریٹ تجارت کے خلاف ملک کی صلاحیت کو نمایاں طور پر مضبوط بناتی ہے ۔صوبائی حکومتیں اب ان اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے اہم ڈسٹری بیوشن مراکز میں ریٹیل سطح پر کارروائیاں کر رہی ہیں، جہاں بغیر ٹیکس ادا کیے گئے سگریٹس اب بھی بڑے پیمانے پر صارفین کو دستیاب ہیں۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ غیر تمباکو کی غیر قانونی تجارت پاکستان کو درپیش بڑے معاشی چیلنجز میں سے ایک ہے ، جہاں بغیر ٹیکس ادا کیے گئے مصنوعات تمباکو مارکیٹ کے 50 فیصد سے زائد حصے پر مشتمل ہیں۔ سالانہ ریونیو نقصان کا تخمینہ 300 ارب روپے سے تجاوز کر چکا ہے ، جو باضابطہ شعبے سے حاصل ہونے والی کل ایکسائز وصولیوں سے بھی زیادہ ہو سکتا ہے ۔ایس آئی ٹی کے ترجمان احمد عبداللہ کا کہنا ہے کہ یہ درست وقت پر اٹھایا گیا درست قدم تھا اور اس کے نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، صوبائی شمولیت نے نفاذی اقدامات کو اس مقام کے قریب پہنچا دیا ہے جہاں مسئلہ سب سے زیادہ واضح ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں