رئیل اسٹیٹ کی مضبوطی، سرمایہ کاری کیلئے نئی اصلاحات کاعندیہ
صنعتکاروں، تاجروں و اسٹیک ہولڈرز کے فعال کردار کوسراہتے ہیں،وفاقی وزیر خزانہ پالیسی سازی میں مسلسل مشاورت یقینی بنائی جائے ، محمداورنگزیب،اجلاس سے خطاب
اسلام آباد(این این آئی)حکومت نے رئیل اسٹیٹ کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے اس شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے نئی اصلاحات کا عندیہ دیا ہے جبکہ وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب نے کاروباری برادری، مالیاتی اداروں اور مارکیٹ کے دیگر اسٹیک ہولڈرز کے فعال کردار کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پالیسی سازی کے عمل میں مسلسل مشاورت کو یقینی بنایا جائے تاکہ اصلاحات زمینی حقائق سے ہم آہنگ رہیں۔وزارت خزانہ کے مطابق انہوں نے یہ بات رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹس (آر ای آئی ٹیز)کے فروغ اور سرمایہ منڈی کی ترقی کیلئے قائم فوکس گروپ کے ایک ورچوئل اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں معروف کاروباری شخصیات عارف حبیب، ندیم ریاض اور علی جمیل سمیت دیگر نے شرکت کی، جبکہ سرکاری و نجی شعبے کے اہم نمائندے بھی شریک ہوئے ۔اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ رئیل اسٹیٹ کے شعبے کو منظم، شفاف اور سرمایہ کاری کیلئے زیادہ پرکشش بنانے کیلئے مربوط اور عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ وزیر خزانہ نے شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے مشاورت کے عمل کو جاری رکھنے کی اہمیت اجاگر کی۔اجلاس کے دوران آر ای آئی ٹیز کے فروغ سے متعلق ٹیکس نظام میں بہتری، طریقہ کار کو آسان بنانے اور سرمایہ کاروں خصوصاً چھوٹے سرمایہ کاروں کی شمولیت بڑھانے جیسے امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ شرکاء نے اس بات کی نشاندہی کی کہ پاکستان میں آر ای آئی ٹی مارکیٹ نے ابتدائی پیش رفت ضرور کی ہے تاہم اس میں مزید وسعت کی گنجائش موجود ہے۔