مرکزی تنظیم تاجران کالاک ڈاؤن از خود ختم کرنے کا اعلان

مرکزی تنظیم تاجران کالاک ڈاؤن از خود ختم کرنے کا اعلان

16مئی سے تمام کاروباری مراکز، دکانیں معمول کے مطابق کھلیں گی، کاشف حیدری

کوئٹہ (این این آئی)مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صوبائی ترجمان کاشف حیدری نے کہا ہے کہ تاجر برادری مزید کسی بھی قسم کے لاک ڈاؤن یا کاروباری بندش کی متحمل نہیں ہوسکتی کیونکہ مسلسل پابندیوں اور معاشی دباؤ نے چھوٹے تاجروں، دکانداروں اور مزدور طبقے کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا،آج بروز ہفتہ 16 مئی سے مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کی ہدایت پر از خود لاک ڈاؤن ختم کرتے ہوئے تمام کاروباری مراکز اور دکانیں معمول کے مطابق کھول دی جائیں گی۔ یہ بات انہوں نے مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے سیکریٹریٹ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات میں مسلسل تعطل اور ملک گیر احتجاج کے باوجود حکمران طبقہ بے حسی کا شکار ہے اور تاجروں کے مسائل کو سنجیدگی سے نہیں لیا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ طویل لاک ڈاؤن کے باعث تاجر برادری کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا ہے جبکہ اس کے باوجود کوئی واضح ریلیف فراہم نہیں کیا گیا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ حکومت بتائے طویل لاک ڈاؤن سے کتنی بجلی کی بچت ہوئی اور ملک کو کیا حقیقی فائدہ پہنچا۔ کاروبار بند کرنے سے معیشت نہیں چلتی بلکہ معیشت کا پہیہ صرف کاروباری سرگرمیوں کی بحالی، بازاروں کے کھلنے اور تجارت کے تسلسل سے چلتا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں