ای پی بی ڈی کاعلامتی ٹیکس ریٹرن فارم مثبت اصلاحاتی قدم
نیا فارم ٹیکس گزاروں کیلئے سہولت کا باعث بن سکتا ہے ،ٹیکس ایڈوائزرز
لاہور(این این آئی)ٹیکس ایڈوائزرز ایسوسی ایشن نے اکنامک پالیسی اینڈ بزنس ڈیولپمنٹ کی جانب سے متعارف کرائے گئے ایک صفحے کے علامتی انکم ٹیکس ریٹرن فارم کومثبت اصلاحاتی قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک صفحے کا انتہائی سادہ فارم میں تمام تفصیلات شامل ہیں۔ ایسوسی ایشن کے صدر میاں عبد الغفار اورجنرل سیکرٹری خواجہ ریاض حسین نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ علامتی طور پر متعارف کرایا گیا ٹیکس ریٹرن فارم انتہائی آسان اور صارف دوست ہے جس میں تمام بنیادی مالی تفصیلات شامل کی گئی ہیں،اگر اس فارم کو موثر انداز میں نافذ کیا جائے تو ملک میں ٹیکس فائلرز کی تعداد موجودہ 30 لاکھ سے بڑھ کر کئی گنا تک جا سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر ایف بی آر اس پر غور کرے تو نیا سادہ فارم ٹیکس گزاروں کیلئے سہولت کا باعث بن سکتا ہے کیونکہ اس میں ذرائع آمدن ، ٹیکس کٹوتیوں اور اہل خانہ کی بنیادی تفصیلات کو ایک ہی صفحے میں شامل کیا گیا ہے جس سے شفافیت اور آسانی دونوں میں اضافہ ہوگا۔