بجٹ صنعتی شعبے کے مسائل کامداوا کرنے میں ناکام، فباٹی صدر
برآمدی صنعتوں کومطلوبہ سہولتیں نہ ملنے پرمعیشت آئندہ بھی دباؤ میں، شیخ تحسین حکومت نے صنعتکاروں کی پیش کی گئی اہم تجاویز کوخاطر خواہ اہمیت نہیں دی، بیان
کراچی (کامرس رپورٹر )فیڈرل بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (فباٹی) کے صدر شیخ تحسین نے وفاقی بجٹ 27-2026پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ صنعتی شعبے کو درپیش بنیادی مسائل کا مکمل مداوا کرنے میں ناکام رہا ہے جبکہ برآمدی صنعتوں کو درکار سہولتوں اور مراعات نہ ملنے کے باعث ملکی معیشت کو آئندہ بھی متعدد چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، حکومت نے بجٹ میں صنعتکاروں کی جانب سے پیش کی گئی اہم تجاویز کو خاطر خواہ اہمیت نہیں دی۔ ان کا کہنا تھا کہ صنعتی شعبے کی بحالی اور برآمدات میں اضافے کے لیے ریفنڈز کی فوری ادائیگی، توانائی کے نرخوں میں کمی اور پیداواری لاگت میں کمی ناگزیر تھی، تاہم بجٹ میں ان اہم معاملات پر خاموشی اختیار کی گئی جو صنعتکاروں کے لیے باعث تشویش ہے شیخ تحسین نے کہا کہ چھوٹی اور درمیانی درجے کی صنعتوں (ایس ایم ایز) کو نظر انداز کرنا برآمدی شعبے کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے ، کیونکہ یہی شعبہ روزگار، مقامی پیداوار اور برآمدات میں اضافے کا اہم ذریعہ ہے انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے عملی اقدامات نہ کیے تو برآمدی اہداف کا حصول مزید مشکل ہوجائے گاانہوں نے کہا کہ بجٹ میں پراپرٹی اور ٹریول سیکٹر کو دی جانے والی مراعات سے معاشی سرگرمیوں میں کچھ بہتری آسکتی ہے۔