قالینوں کی عالمی نمائش کیلئے فنڈز کا اجرا تاخیر کا شکار

قالینوں کی عالمی نمائش کیلئے فنڈز کا اجرا تاخیر کا شکار

تیاریاں متاثر ،خریداروں سے رابطوں میں مشکلات کا سامنا،میاں عتیق

اسلام آباد(اے پی پی)کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ اکتوبر میں لاہور میں شیڈول ہاتھ سے بنے قالینوں کی 42ویں عالمی نمائش کیلئے فنڈز کے اجرا میں تاخیر باعث تشویش ہے ،  قدیم برآمدی صنعت غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے ،عالمی نمائش کے انعقاد میں صرف 3 ماہ باقی رہ گئے ہیں ، فنڈ کے اجرا میں تاخیر سے تیاریاں متاثر ہو رہی ہیں اور مینو فیکچررز سمیت برآمد کنندگان بھی مسائل کا شکار ہیں ۔کارپٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین میاں عتیق الرحمن نے اتوار کو جاری اپنے  بیان میں کہا کہ عالمی نمائش کے انعقاد میں محض 3ماہ کا وقت رہ گیا ہے لیکن فنڈز کے اجرا میں تاخیر کی وجہ سے نمائش میں شرکت کرنے والے غیر ملکی خریداروں سے باضابطہ رابطوں اور ہاسپیٹلیٹی پیکیج کی پیشکش کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی خریداررابطے کر کے عالمی نمائش کے انعقاد کے حوالے سے استفسار کر رہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں