اسپیشل زونز میں ٹیکنالوجی کمپنیوں کی تعداد 250سے تجاوز
مختلف شہروں میں 32زونز قائم کئے جاچکے ،مزید کمپنیوں کی شمولیت متوقع
کراچی(بزنس رپورٹر)ٹیکنالوجی شعبے میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے ۔اسپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ تازہ ایکو سسٹم اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں قائم اسپیشل ٹیکنالوجی زونز میں رجسٹرڈ ٹیکنالوجی کمپنیوں کی تعداد دو برس کے دوران دوگنی ہو کر250 سے تجاوز کر گئی ۔ اتھارٹی کے مطابق سال 2023 اور 2024 کے دوران اسپیشل ٹیکنالوجی زونز میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی تعداد140 سے بڑھ کر 250 سے زائد ہو گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس وقت ملک کے مختلف شہروں میں 32 اسپیشل ٹیکنالوجی زونز قائم کیے جا چکے ہیں جہاں انفارمیشن ٹیکنالوجی، سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ، مصنوعی ذہانت ، فِن ٹیک، سائبر سیکیورٹی، ڈیٹا اینالیٹکس، سیمی کنڈکٹر ٹیکنالوجی اور دیگر جدید شعبوں سے وابستہ مقامی اور بین الاقوامی کمپنیاں اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اسپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی کے مطابق آئندہ برسوں میں مزید کمپنیوں کی شمولیت متوقع ہے۔