حماس حملہ کے 1000دن مکمل، اسرائیل میں سوگ،مظاہرے
متاثرین کے اہلِخانہ کا سکیورٹی ناکامیوں کی تحقیقات کیلئے کمیشن کے قیام کا مطالبہ
یروشلم، بیروت(اے ایف پی) اسرائیل میں 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے حملے کے 1000 دن مکمل ہونے پر ملک بھر میں سوگ اور احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کیا گیا، جبکہ عوام نے اس واقعے کی تحقیقات کے لیے ریاستی کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا ہے ۔جمعرات کو صبح 6بجکر29منٹ پر ملک بھر میں یادگاری تقریبات کا آغاز ہوا، شہریوں اور متاثرین کے اہلخانہ نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اب تک کسی بھی سطح پر ذمہ داری کا تعین نہیں کیا گیا۔ حملے میں 1ہزار221 اسرائیلی ہلاک اور 251 یرغمال بنائے گئے تھے ، جس کے بعد غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کے نتیجے میں 73 ہزار سے زائد فلسطینی جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ تل ابیب سمیت مختلف شہروں میں ریلیاں اور دعائیہ اجتماعات کا اہتمام کیا گیا۔لبنان کے صدر جوزف عون نے اسرائیل کے ساتھ جاری مذاکرات کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ عمل کسی بھی صورت غداری نہیں اور وہ لبنان کی سرزمین کا ایک انچ بھی نہیں چھوڑیں گے ۔قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔