اسٹاک ایکسچینج: تیزی، 52فیصدحصص کی قیمتیں بڑھ گئیں
470پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 100انڈیکس 184520پر بند 99کروڑ 47لاکھ سے زائد حصص کے سودے طے ،کاروباری حجم 6فیصد زائد رہا
کراچی(بزنس رپورٹر)امریکا ایران کے مابین جاری مذاکرات میں مثبت پیشرفت، خام تیل کی قیمتوں میں استحکام کے بعد کمی کا رحجان اور مثبت معاشی اشاریے اسٹاک ایکسچینج کو کاروباری ہفتے کے چوتھے روز بھی تیزی کی جانب گامزن کئے رکھا جس کے باعث 52فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور مجموعی طور پر حصص کی مالیت میں مزید 89ارب 70کروڑ 82لاکھ 75 ہزار 959 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ کاروبار کے تمام دورانیے تیزی کا رجحان غالب رہا جس سے ایک موقع پر 1ہزار 840پوائنٹس کے اضافے سے بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس کی 1لاکھ 85ہزار پوائنٹس کی سطح عبور ہوگئی تاہم دوران ٹریڈنگ آٹو، بینکنگ اور کیمیکل سمیت دیگر شعبوں میں پرافٹ ٹیکنگ سے تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی واقع ہوئی۔
کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 470.86 پوائنٹس کے اضافے سے 184520.96پوائنٹس پر بند ہوا، اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 138.98 پوائنٹس کے اضافے سے 55083.19پوائنٹس، کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 483.91 پوائنٹس کے اضافے سے 111273.74 پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 679.64 پوائنٹس کے اضافے سے 261314.51پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم 6فیصد زائد رہا ۔گزشتہ روز 99کروڑ 47 لاکھ 52ہزار 294حصص کے سودے ہوئے ۔مجموعی طور پر494 کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ہوا جس میں سے 256 کمپنیوں کے حصص کے بھاو میں اضافہ، 217 میں کمی اور 21 کمپنیوں کی قیمتوں میں استحکام رہا۔