سعودی عرب کا سیاحت کے فروغ کیلئے پیکیج ویزا متعارف کروانے کا اعلان

سعودی عرب کا سیاحت کے فروغ کیلئے پیکیج ویزا متعارف کروانے کا اعلان

ریاض(بزنس ڈیسک)سعودی عرب نے سیاحت کے فروغ اور غیر ملکی سیاحوں کو مزید سہولت فراہم کرنے کے لیے پیکیج ویزا کے نام سے نئی ڈیجیٹل سہولت متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے

جس کے تحت سیاحتی ویزا کی درخواست کو براہِ راست سفری پیکیج کی بکنگ کے ساتھ منسلک کر دیا گیا ہے ۔اس سہولت کا آغاز فی الحال چند منتخب ممالک میں مخصوص ٹریول ایجنسیوں کے ذریعے کیا جارہا ہے ، بعد میں اسے مزید ممالک تک بھی پھیلا دیا جائے گا۔ یہ اقدام سیاحوں کے لئے سعودی عرب کے سفر میں آسانی پیدا کرنے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے ۔ سیاحتی ای ویز ا کے اجرا کے بعد سعودی حکام نے مملکت کا سفر کرنے کے متعدد نئے طریقے متعارف کروائے جن میں ویزا آن آرائیول اور سٹاپ اوور ویزا شامل ہے ۔ ان اقدامات کی وجہ سے سعودی عرب میں سیاحت کو تیزی سے فروغ حاصل ہوا اور 2025 میں29 ملین سے زائد غیر ملکی سیاح سعودی عرب آئے ۔ سعودی وزیر برائے سیاحت احمد الخطیب نے کہا کہ سعودی عرب کا سیاحتی شعبہ تیزی سے ترقی کررہا ہے ، پیکیج ویزا سیاحوں کیلئے سعودی عرب کے سفر کو مزید آسان اور باسہولت بنانے کے ہمارے عزم کا عکاس ہے ۔ویزا کے اجرا کو سفری بکنگز کے ساتھ مربوط کرکے ہم سیاحوں کے سفر کو آسان اوران کے سفری تجربات کو مزید شاندار بنار ہے ہیں۔یہ اقدام ٹورازم ایکو سسٹم میں اشتراک کو نہ صرف مضبوط بنائے گا بلکہ سیاحوں کے لئے سعودی عرب کو زیادہ قابل رسائی عالمی مقام بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں