شارجہ سے کراچی آنے والا پاکستانی کارگو طیارہ سمندر میں لاپتا، عملہ کے 5 افراد سوار
بوئنگ 737 نے رات18 :9پر کراچی کے قریب فنی خرابی کی اطلاع دی اورپھر 3منٹ بعد ریڈار سے غائب ہوگیا پاک بحریہ ،فضائیہ اور دیگر ادارے سرچ آپریشن میں مصروف :ترجمان پی اے اے ، طیارہ مرمت کیلئے شارجہ گیا تھا:ذرائع
کراچی (دنیا نیوز ،مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کی ایک کارگو پرواز کا بوئنگ 737 طیارہ کراچی کے قریب سمندر میں لاپتا ہو گیا جس کے بعد فوری طور پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔ شارجہ سے کراچی آنے والا نجی کارگو طیارہ رات 9 بج کر 21 منٹ پر کراچی سے 155 میل مغرب میں ریڈار سے غائب ہوگیا۔ نجی کارگو طیارے میں عملے کے 5 افراد سوار تھے ۔ ذرائع کے مطابق طیارے کی تلاش کے لیے پاک بحریہ، پاک فضائیہ اور دیگر متعلقہ ادارے امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔جاری سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے لیے پاک بحریہ کا جنگی جہاز پی این ایس ذوالفقار متاثرہ علاقے کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق پاک فضائیہ کا ساب طیارہ بھی بولہاری سے روانہ ہو کر سرچ آپریشن میں حصہ لے رہا ہے جبکہ پاک بحریہ کا اے ٹی آر طیارہ تربت سے پرواز کر کے تلاش کی کارروائی میں شامل ہو چکا ہے ۔مزید برآں پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے تجارتی جہاز لاہور کو بھی سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے لیے تعینات کر دیا گیا ہے۔
ترجمان پاکستان ایئر پورٹ اتھارٹی( پی اے اے ) نے نجی کمپنی کے طیارہ حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شارجہ سے کراچی آنے والے نجی کارگو طیارے سے دورانِ پرواز رابطہ منقطع ہوا۔پاکستان ایئر پورٹ اتھارٹی کے مطابق کے ٹو ایئرویز کا کارگو طیارہ KTA1732، بوئنگ 737-400، رجسٹریشن AP-BOI، شارجہ سے کراچی آرہا تھا۔پی اے اے کے مطابق رات 9 بج کر 18 منٹ پر کراچی سے 150 میل جنوب میں فضائی راستے G216 پر طیارے نے نیویگیشن میں خرابی کی اطلاع دی اور رہنمائی کے لیے ہیڈنگ طلب کی۔ طیارے کو موجودہ سمت برقرار رکھنے کی ہدایت دی گئی۔ اسی دوران طیارہ دائیں جانب مڑتا اور تیزی سے بلندی کھوتا دیکھا گیا۔ طیارے کی گرنے کی شرح 15 ہزار فٹ تھی۔ طیارے سے متعدد بار رابطے کی کوشش کی گئی لیکن کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ رات 9 بج کر 21 منٹ پر کراچی سے 155 میل مغرب میں طیارہ ریڈار سے غائب ہوگیا۔ترجمان نے بتایا کہ کارگو طیارے کی جانب سے پرواز کے دوران نیویگیشن سسٹم میں خرابی کی اطلاع ملنے کے بعد کراچی اے سی سی نے طیارے کو فوری رہنمائی فراہم کی، طیارہ اچانک تیزی سے نیچے آیا اور سمت بھی تبدیل کرلی۔
ترجمان پی اے اے کے مطابق کراچی سے تقریباً 155 ناٹیکل میل مغرب میں طیارہ ریڈار سے غائب ہوگیا، طیارے سے ریڈار اور مواصلاتی رابطہ بیک وقت منقطع ہوا۔ ترجمان کے مطابق نجی کارگو طیارے میں عملے کے 5 افراد سوار تھے ۔ ترجمان پی اے اے کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد ریسکیو کوآرڈی نیشن سینٹر فوری طور پر فعال کردیا گیا، لاپتا کارگو طیارے کی تلاش کے لیے سمندر میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے ۔ مختلف ادارے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ لاپتہ طیارہ فنی خرابی کے بعد مرمت کیلئے شارجہ بھیجاگیا تھا۔ طیارہ 5دن شارجہ میں رہا۔ طیارہ فیری فلائٹ ( خالی طیارہ ) کرتے ہوئے کراچی واپس آ رہا تھا۔ذرائع کے مطابق شارجہ میں طیارے کی مرمت Northern techniques نامی کمپنی نے کی یہ کمپنی پاکستان کے ایک سابق مشیر ہوابازی کی بتائی جاتی ہے۔