وفاقی کابینہ : پہلی بار 4 سالہ حج پالیسی کی منظوری ، سیونگ سکیم بھی شامل ہوگی

 وفاقی کابینہ : پہلی بار 4 سالہ حج پالیسی  کی منظوری ، سیونگ سکیم بھی شامل ہوگی

2027سے 2030تک کی پالیسی ، ادائیگیوں ،شکایات اور نگرانی کا ڈیجیٹل نظام ،لانگ اور شارٹ حج پروگرام ،رجسٹریشن کی سہولت ، ترجیحی ویٹنگ لسٹ بنائی جائیگی معاونین حج کی تقرری میرٹ پر کی جائے :وفاقی کابینہ، سمیڈا صنعتیں لگانے میں خواتین انٹرپرنیورز کی معاونت کرے :وزیر اعظم، پولیو نگرانی بورڈ کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد (نامہ نگار، اپنے رپورٹر سے ، اے پی پی ،دنیا نیوز)وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 2027 سے 2030 تک کی حج پالیسی اور پلان کی منظوری دے دی گئی،اجلاس میں وفاقی کابینہ کو نئی حج پالیسی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، وفاقی کابینہ نے رواں برس بہترین حج انتظامات پر وفاقی وزیرِ مذہبی امور سردار محمد یوسف اور وزارت کی ٹیم کی تعریف کی،اجلاس کو بتایا گیا کہ نئی حج پالیسی گزشتہ ایک سالہ حج پالیسیو ں کے برعکس پہلی چار سالہ حج پالیسی اور پلان پر مشتمل ہے ،اس حج پالیسی کے تحت طویل مدتی پلاننگ، آپریشنز میں بہتری اور حاجیوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی ممکن ہوگی، نئی پالیسی پر عملدرآمد کے لئے معیاری طریقہ کار اور دیگر ضروری ضوابط مرتب کئے جائیں گے ،پالیسی کو سعودی قوانین اور ضوابط سے ہم آہنگ کرنے کیلئے اس میں ضرورت کے مطابق ترامیم کی جا سکیں گی۔مزید بتایا گیا کہ پالیسی کے تحت حج کے خواہشمند افراد سالانہ رجسٹریشنز کی بجائے 2030 تک کسی بھی سال کیلئے اپنی ضرورت کے مطابق بلاتعطل حج کی رجسٹریشن کروا سکیں گے ، اسکے نتیجے میں ترجیحی ویٹنگ لسٹ مرتب کی جائے گی،اسکے ساتھ ساتھ شرعی اصولوں کے مطابق سیونگ سکیم بھی متعارف کروائی جا رہی ہے جس سے حج کے خواہاں لوگ مستفید ہو سکیں گے۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ حج کے تمام تر نظام کو ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے جس میں ادائیگیاں بھی ڈیجیٹل نظام سے ہوں گی ، شکایات کا ڈیجیٹل نظام اور ڈیجیٹل نگرانی ہوگی،پالیسی کے تحت سرکاری اور پرائیوٹ حج کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے ،لانگ اور شارٹ حج پروگرام متعارف کروائے جار ہے ہیں ،کابینہ نے ہدایت کی کہ معاونین حج کی تقرری ایک شفاف نظام اور خالصتاً میرٹ پر کی جائے ، وفاقی کابینہ نے شہریوں کو علاج معالجے کی معیاری سہولیات کو یقینی بنانے کیلئے اسلام آباد میں موجود آئیسولیشن ہاسپٹل اینڈ انفیکشئس ٹریٹمنٹ سینٹراور ریجنل بلڈ سینٹر کی سروسز کی آؤٹ سورسنگ کی پالیسی منظوری دے دی، فیصلے کے بعد وزارت قومی صحت ان ہسپتالوں کی آؤٹ سورسنگ قوائد و ضوابط کے مطابق یقینی بنائے گی، حج پالیسی کی منظوری کے بعد آئندہ سال سے 2030 کا متوقع حج پیکیج 11 لاکھ 50 ہزار سے 12 لاکھ 50 ہزار کے درمیان ہوسکتا ہے ، وفاقی کابینہ کو حج کوٹہ، روڈ ٹو مکہ سمیت دیگر امور پر بھی بریفنگ دی گئی ، وفاقی کابینہ کو وزیرِ ریلوے کی جانب سے پاکستان ریلوے کی کارکردگی پر بھی بریفنگ دی گئی، اجلاس کو وزیر ریلوے نے بتایا کہ ریلوے کی آمدن 95 ارب سے بڑھ کر 115 ارب روپے کو عبور کر گئی ہے ، وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے 19 مئی 2026 اور اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 2 جولائی 2026 کو منعقدہ اجلاسوں میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق بھی کی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کو دورہ ترکیہ پر اعتماد میں لیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے مابین مختلف شعبوں میں تعلقات اور بھائی چارہ مزید مضبوط اور مستحکم ہوگا،وزیر اعظم نے کابینہ کو بتایا کہ انہوں نے تہران میں گزشتہ جمعہ کو شہید سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی آخری رسومات میں شرکت کی،بعد ازاں ترکیہ کا دورہ کیا جہاں بزنس کانفرنس میں شرکت کی، ترکیہ کے سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد نے کانفرنس میں شرکت کی، ترک کمپنیوں کو توانائی، کان کنی و معدنیات، انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ،وزیراعظم نے اسلام آباد میں پاک فضائیہ کے آفیسر گروپ کیپٹن عاصم طارق کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ، انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو صبر و استقامت عطا فرمائے ،وزیراعظم نے بلوچستان میں 15 خوارج کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعا اور فاتحہ خوانی کی گئی۔

دریں اثنا وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سمیڈا پر جائزہ اجلاس میں ملکی برآمدات میں اضافے کیلئے چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں ایس ایم ایز کو قرضوں کی فراہمی میں سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کردی،انہوں نے کہا کہ سمیڈا نوجوان بشمول خواتین آنٹرپرنیورز کو چھوٹے و درمیانے درجے کی صنعتیں لگانے میں معاونت فراہم کرے ،علاوہ ازیں وزیرِ اعظم سے پولیو نگرانی بورڈ کے 7 رکنی وفد نے ملاقات کی ،وفد میں روٹری کے پولیو اوورسائٹ بورڈ کے چیئر مائیک میکگورن، گیٹس فاؤنڈیشن کے گلوبل ڈیویلپمنٹ کے صدر کرس ایلائیس ،ریجنل ڈائیریکٹر WHO EMRO ڈاکٹر حنان بلخی، یونیسیف، گاوی اور پاکستان میں انسداد پولیو کیلئے تعاون کے دیگر شراکت داروں کے نمائندگا ن شریک تھے ،وزیرِ اعظم نے وفد کا خیر مقدم کیا اور انسداد پولیو کیلئے تمام شراکت داروں کا حکومت پاکستان کے ساتھ تعاون پر شکریہ ادا کیا، وزیراعظم نے اجلاس میں پولیو سے پاک پاکستان کے عزم کی تجدید کرتے ہوئے کہاکہ پولیو کا خاتمہ اہم قومی ترجیح ہے اور تمام سٹیک ہولڈرز مشترکہ کوششیں مزید تیز کریں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں