صوبے کی تمام شاہراہوں پر لین مارکنگ یقینی بنائی جائے: مریم نواز

 صوبے کی تمام شاہراہوں  پر لین مارکنگ یقینی بنائی جائے: مریم نواز

لاہور رنگ روڈ پر 6سروس ایریاز منظور ،75روز میں 1129روڈز کی تعمیر و مرمت، 11ارب کی بچت محکمہ مواصلات و تعمیرات کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ اجلاس ،حوالدار لالک جان کی قربانی کو خراجِ عقیدت

لاہور (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں صرف 75 دن میں 1129 سڑکیں مکمل کرکے پنجاب حکومت نے ترقی کی رفتار کا نیا منفرد ریکارڈ قائم کر دیا،پنجاب نے رفتار کی نئی مثال قائم کرتے ہوئے روڈز کی تعمیر و بحالی کے لئے 3 شفٹوں میں دن رات کام کیا اور 11 ارب روپے کی تاریخی بچت بھی کی، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت محکمہ مواصلات وتعمیرات کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری راجہ جہانگیرانور نے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں سوہنے پنڈ سوہنیاں راہواںپروگرام کے تحت دیہی روڈ انفراسٹرکچر میں پیشرفت رپورٹ پیش کی گئی۔وزیراعلیٰ نے پنجاب کی تمام شاہراہوں پر لین مارکنگ کو ہر صورت یقینی بنانے کا حکم دے دیا، اجلاس کو بتایا گیا کہ صرف 75 دنوں میں 30 ارب روپے کی لاگت سے 1129 سڑکیں اور 1795 کلومیٹر طویل نیٹ ورک مکمل کیا گیا۔ اجلاس میں روڈ سیکٹر پورٹ فولیو اور فنڈز کے استعمال کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں۔ وزیراعلیٰ نے 75 دنوں میں 1795 کلومیٹر طویل سڑکیں مکمل کرنے پر محکمہ مواصلات وتعمیرات کی کارکردگی کی تعریف کی اور انہیں شاباش دی۔

انہوں نے لاہور رنگ روڈپر 6 نئے جدید سروس ایریاز قائم کرنے کی منظوری بھی دے دی ، نئے سروس ایریاز سے سالانہ 50 کروڑ روپے کی متوقع آمدن ہوگی، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے رنگ روڈ کی خوبصورتی اور ناردرن لوپ کی بحالی کے پلان کی بھی منظوری دے دی ، رواں سال دسمبر تک تمام 6 سروس ایریاز مکمل طور پر فعال کر د ئیے جائیں گے ۔ اجلاس میں پنجاب بھر کی سڑکوں کے انٹری ایگزٹ پوائنٹس کی بیوٹیفکیشن کا پلان پیش کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ انیشیٹو، لوکل روڈز اور تکمیل کے قریب منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر 125 ارب روپے مختص کئے گئے ۔ اجلاس میں پنجاب میں نئی سڑکوں کی تعمیر کے لیے 51 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دی گئی،دریں اثنا وزیراعلیٰ سے ارکان صوبائی اسمبلی میاں شاہد حسین خان اورمحمد عون جہانگیر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں عوامی مسائل کے حل، امن وامان کی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، مریم نواز نے خصوصی پیغام میں نشان حیدر پانے والے حوالدار لالک جان شہید کی وطن کیلئے لازوال قربانی کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اورکہا کہ حوالدار لالک جان شہید نے شدید زخمی ہونے کے باوجود دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملادیا، ارض وطن پرجانیں نچھاور کرنے والے بہادر جوانوں کی قربانیوں کا قرض کبھی اتارا نہیں جاسکتا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں