بیسٹ وے کی جیلی آٹو گروپ کیساتھ اسٹریٹجک شراکت داری

بیسٹ وے کی جیلی آٹو گروپ کیساتھ اسٹریٹجک شراکت داری

ابتدائی مرحلے میں جیلی کی مختلف گاڑیاں پاکستان میںمتعارف کرائی جائیں گی

اسلام آباد(بزنس ڈیسک)بیسٹ وے گروپ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے چین کے سب سے بڑے نجی ملکیتی اور دنیا کے تیزی سے ترقی کرنے والے اور جدید ترین آٹوموبائل ساز اداروں میں شمار ہونے والے جیلی آٹو گروپ کے ساتھ پاکستان میں جیلی گاڑیوں کی تقسیم اور اسمبلنگ کے لیے ایک تاریخی اسٹریٹجک شراکت داری کا معاہدہ کیا ہے ۔اس معاہدے کے تحت بیسٹ وے گروپ اپنی ذیلی کمپنی بیسٹ وے آٹوموٹیو (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے ذریعے پاکستان میں جیلی آٹو گروپ کی مصنوعات کا واحد مجاز ڈسٹری بیوٹر ہوگا۔ یہ معاہدہ پاکستان کی تیزی سے ترقی کرتی آٹوموٹیو صنعت میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔ابتدائی مرحلے میں جیلی کی مختلف گاڑیاں کمپلیٹلی بلٹ یونٹس کی صورت میں پاکستانی مارکیٹ میں متعارف کرائی جائیں گی ،بعد ازاں انہی گاڑیوں کی مقامی سطح پر اسمبلنگ کراچی میں واقع بیسٹ وے کے موجودہ آٹوموبائل اسمبلنگ پلانٹ میں کی جائے گی۔معاہدے پر دستخط کی تقریب چین کے شہر ہانگژو میں واقع جیلی ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئی جس کے ساتھ ہی بیسٹ وے گروپ اور جیلی آٹو گروپ کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کا باضابطہ آغاز ہوگیا۔جیلی آٹو گروپ عالمی سطح پر ایک معروف آٹوموٹیو ادارہ ہے جو اپنی غیر معمولی انجینئرنگ صلاحیتوں، جدید ٹیکنالوجی، اعلیٰ ترین حفاظتی معیارات، شاندار ڈرائیونگ تجربے اور جدید ڈیزائن کے باعث ممتاز مقام رکھتا ہے ۔ کمپنی دنیا کے سب سے بڑے آٹوموٹیو ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ نیٹ ورکس میں سے ایک چلاتی ہے اور جدید ٹیکنالوجی کے بے شمار پیٹنٹس کی مالک ہے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں