اسٹاک ایکسچینج :کاروباری ہفتے کا مثبت اختتام،121ارب منافع
982پوائنٹس کے اضافے سے 100 انڈیکس 182,241.77 پر بند ہوا 495 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار،292 میں اضافہ ،169کی قیمتیں گرگئیں
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کا اختتام زبردست تیزی کے ساتھ ہوا۔100اندیکس 900سے زائدپوائنٹس کے اضافے کے ساتھ بند ہوا۔ اس دوران مارکیٹ کیپٹلائزیشن آج 121 ارب روپے بڑھ کر 2 ہزار 503 ارب روپے بڑھ گئی ۔ تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغازمثبت انداز میں ہوا ،انڈیکس میں بھاری اثر رکھنے والے اہم شیئرز میں جارحانہ خریداری کے باعث مارکیٹ تیزی سے اوپر چلی گئی۔کاروباری سیشن کے پہلے ہاف کے دوران 100 انڈیکس مسلسل بلندی کی طرف گامزن رہا اور اس نے 183,477 پوائنٹس کی بلند ترین سطح کو چھو لیا۔تاہم دوپہر کے سیشن میں یہ تیزی برقرار نہ رہ سکی کیونکہ ابتدائی بڑے منافع کے بعد سرمایہ کاروں نے پرافٹ بکنگ کو ترجیح دی۔ دوپہر کے بعد مارکیٹ پر فروخت کا دباؤ بتدریج بڑھتا گیاجس کے نتیجے میں صبح کے وقت ہونے والے اضافے کا ایک بڑا حصہ ضائع ہو گیا۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100اندیکس 982.10 پوائنٹس یا 0.54 فیصد اضافے سے 182,241.77 پوائنٹس پر بند ہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30اورآل شیئرزانڈیکس میں بھی تیزی رہی ۔گزشتہ روز 94 کروڑ جبکہ پورے ہفتے میں 5 ارب 35 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت بالترتیب 38 ارب اور 238 ارب روپے رہی۔ مجموعی طور پر 495 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا جن میں سے 292 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ اور 169 میں کمی اور34 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں استحکام رہا۔