الائیڈ بینک اور نسٹ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

الائیڈ بینک اور نسٹ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

تعلیمی تحقیق،کاروباری و عملی اطلاق کے درمیان موجود خلا کو کم کیا جائے گا

اسلام آباد(بزنس ڈیسک)الائیڈ بینک اور نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ)کے درمیان تعلیمی و صنعتی تعاون کو فروغ دینے اور فن ٹیک، ڈیجیٹل بینکاری، مصنوعی ذہانت اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں جدت طرازی کے فروغ کے لیے ایک اسٹریٹجک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ۔مفاہمتی یادداشت پر الائیڈ بینک کے چیف ٹیکنالوجی اینڈ ڈیجیٹل آفیسرمجاہد علی اور نسٹ کے پرو ریکٹر برائے ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن ڈاکٹر رضوان ریاض نے نسٹ میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران دستخط کیے جس میں دونوں اداروں کے سینئر نمائندگان بھی موجود تھے ۔اس شراکت داری کے تحت الائیڈ بینک اور نسٹ علم کے تبادلے ، اطلاقی تحقیق، افرادی صلاحیتوں کی ترقی اور جدت پر مبنی اقدامات کے لیے ایک منظم پلیٹ فارم قائم کریں گے ۔ اس تعاون کا مقصد تعلیمی تحقیق اور کاروباری و عملی اطلاق کے درمیان موجود خلا کو کم کرنا ہے ، تاکہ طلبہ، محققین، اساتذہ اور بینکاری شعبے کے ماہرین مالیاتی خدمات کے شعبے میں حقیقی مسائل اور ابھرتے ہوئے مواقع پر مشترکہ طور پر کام کر سکیں۔الائیڈ بینک کے چیف ٹیکنالوجی اینڈ ڈیجیٹل آفیسرمجاہد علی نے کہا کہ یہ شراکت داری جدت، باہمی تعاون اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے ذریعے بینکاری کے مستقبل کی تشکیل کے لیے الائیڈ بینک کے عزم کی عکاس ہے ۔نسٹ کے پرو ریکٹر برائے ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن ڈاکٹر رضوان ریاض نے کہاکہ الائیڈ بینک کے ساتھ ہماری شراکت داری طلبہ، محققین اور صنعت سے وابستہ ماہرین کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گی۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں