اسٹاک مارکیٹ میں پورا ہفتہ مثبت رجحان رہا، سرمایہ کار پراعتماد
ہفتے کے اختتام پر 100انڈیکس میں 5,072پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ انڈیکس 3فیصد اضافے کیساتھ بند، بلند ترین سطح 179,123 پوائنٹس رہی
کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ کاروباری ہفتے کے دوران سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال رہا اور مارکیٹ پورا ہفتہ مثبت رجحان کے ساتھ ٹریڈ کرتی رہی۔ کاروباری ہفتے کے اختتام پر بینچ مارک کے ایس ای100 انڈیکس میں 5,072 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس 3 فیصد اضافے کے ساتھ 176,094 پوائنٹس پر بند ہوا، ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق کے ایس ای100 انڈیکس کی بلند ترین سطح 179,123 پوائنٹس جبکہ کم ترین سطح 174,612 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی،جو مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے باوجود مجموعی طور پر سرمایہ کاروں کے مثبت رجحان کی عکاسی کرتی ہے ، رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے اسٹاک ایکسچینج میں مجموعی 4 ارب 15 کروڑ شیئرز کا لین دین ہوا، جن کی مالیت 158 ارب روپے رہی، تجارتی سرگرمیوں میں اضافے سے ظاہر ہوتا ہے کہ سرمایہ کاروں نے مختلف شعبوں میں بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا، اسی دوران مارکیٹ کی مجموعی مالیت میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا اور ایک ہفتے کے دوران 477 ارب روپے کے اضافے سے مارکیٹ کیپٹلائزیشن بڑھ کر 19 ہزار 755 ارب روپے تک پہنچ گئی۔ماہرین کے مطابق مثبت معاشی اشاریوں، کارپوریٹ نتائج، سرمایہ کاروں کے بہتر اعتماد اور مختلف شعبوں میں خریداری کے رجحان نے تیزی میں اہم کرداراداکیا، انکا کہناہے کہ آئندہ بھی اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رفتار برقرار رہنے کے امکانات موجود ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments