وزیراعلیٰ پنجاب چیمپئن لیگ:ٹرافی کی شاندار تقریب رونمائی

وزیراعلیٰ پنجاب چیمپئن لیگ:ٹرافی کی شاندار تقریب رونمائی

لیگ کل سے شروع ،پی سی بی آفیشل پارٹنر، فائنل 9اگست کو کھیلا جائے گا

لاہور(سپورٹس ڈیسک )وزیراعلیٰ پنجاب چیمپئن لیگ کی ٹرافی کی شاندار تقریب رونمائی منعقد ہوئی، تقریب میں صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سمیر سید اور بارہ مردوں کی ٹیموں کے کپتانوں نے ٹرافی کی رونمائی کی۔ تقریب میں لیگ میں شریک تمام ٹیموں کے لوگوز بھی متعارف کرائے گئے ۔تقریب میں سیکرٹری سپورٹس فضل الرحمٰن، ڈی جی اسپورٹس محمد طارق قریشی، پی سی بی کے سینئر جنرل منیجر ڈومیسٹک کرکٹ اسامہ شیرون، سابق قومی ویمن ٹیم کی کپتان ندا ڈار،عثمان قادر حسن نواز، عالیہ ریاض ، سدرہ امین، گل فیروزہ صدف شمس سمیت متعدد شخصیات نے شرکت کی۔اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھرنے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق پنجاب کو پاکستان کا سپورٹس حب بنایا جا رہا ہے ۔

سی ایم پنجاب چیمپئن لیگ، پی ایس ایل کے بعد ملک کا سب سے بڑا ڈومیسٹک کرکٹ ایونٹ ہے جس میں بارہ مردوں اور چار خواتین کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، لیگ کے میچز لاہور، ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں ڈے اینڈ نائٹ کھیلے جائیں گے ۔ لیگ کا آغاز کل تین اگست سے ہوگا جبکہ فائنل 9 اگست کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، صوبائی وزیر کھیل نے مزید کہا کہ تمام کھلاڑیوں کا انتخاب میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر کیا گیا ہے تاکہ نوجوان کرکٹرز کو قومی اسٹارز کے ساتھ کھیلنے اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع مل سکے ۔ ان کے مطابق پنجاب حکومت سال بھر میں اٹھارہ بڑے اسپورٹس ایونٹس کا انعقاد کر رہی ہے اور پنجاب عالمی معیار کے کھلاڑی تیار کرنے کی جانب تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ لیگ کا آفیشل پارٹنر ہے اور امپائرز، میچ ریفریز اور سکوررز بھی پی سی بی فراہم کرے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...