اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوران منفی رجحان غالب رہا
انڈیکس 2ہزار 938پوائنٹس کی کمی سے 1لاکھ 77ہزار 166کی سطح پربند سرمایہ کاروں کا محتاط رویہ، مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں 247ارب روپے کی کمی
کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوران مندی کا رجحان برقرار رہا اور بینچ مارک 100 انڈیکس ہفتہ وار بنیاد پر 2 ہزار 938 پوائنٹس کی کمی سے 1 لاکھ 77 ہزار 166 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ ہفتہ وار بنیاد پر انڈیکس میں 1.6 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔رپورٹ کے مطابق کاروباری ہفتے کے دوران مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ نمایاں رہا، 100 انڈیکس کی بلند ترین سطح 1 لاکھ 81 ہزار 158 پوائنٹس جبکہ کم ترین سطح 1 لاکھ 76 ہزار 110 پوائنٹس رہی، یوں ہفتے کے دوران انڈیکس تقریباً 5 ہزار 48 پوائنٹس کی وسیع رینج میں کاروبار کرتا رہاہفتے کے دوران سرمایہ کاروں کی جانب سے محتاط رویہ اختیار کیا گیا، جس کے باعث مارکیٹ پر فروخت کا دباؤ غالب رہاعالمی مالیاتی مارکیٹوں میں غیر یقینی صورتحال، خطے میں جغرافیائی سیاسی خدشات اور عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں اضافے نے بھی سرمایہ کاروں کے اعتماد کو متاثر کیاپاکستان جیسی درآمدی معیشت کے لیے عالمی تیل کی قیمتوں میں اضافہ درآمدی بل،مہنگائی اور بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ کے حوالے سے اہم سمجھا جاتا ہے دوسری جانب کاروباری سرگرمیوں کا حجم بھی نمایاں رہاایک ہفتے کے دوران مجموعی طور پر 4 ارب 22 کروڑ سے زائد شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت تقریباً 205 ارب روپے رہی۔اس دوران مارکیٹ کی مجموعی سرمایہ کاری مالیت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی اور مارکیٹ کیپٹلائزیشن 247 ارب روپے گھٹ کر 19 ہزار 882 ارب روپے کی سطح پر آگئی ہفتے کے آخری کاروباری روز بھی مارکیٹ میں شدید اتار چڑھاؤ دیکھا گیا تاہم اختتام پر 100 انڈیکس 574.76 پوائنٹس کے اضافے سے 1 لاکھ 77 ہزار 166.52 پوائنٹس پر بند ہوا۔ ماہرین کے مطابق آئندہ ہفتے بھی عالمی مارکیٹوں کی سمت، تیل کی قیمتوں، جغرافیائی سیاسی صورتحال اور مقامی معاشی پیش رفت سرمایہ کاروں کے فیصلوں پر اثرانداز ہوسکتی ہے ۔ مجموعی طور پر رواں ہفتے کی کارکردگی نے ظاہر کیا کہ مارکیٹ میں تیزی کے باوجود سرمایہ کاروں میں محتاط رویہ برقرار ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments