ہاکی ورلڈکپ:پاکستان کا میچ جیتنے کیلئے 16سال کا انتظار ختم

ہاکی  ورلڈکپ:پاکستان  کا  میچ  جیتنے  کیلئے 16سال  کا  انتظار  ختم

9 سے 16ویں پوزیشن کے کلاسیفکیشن میچ میں جاپان کو 3کے مقابلے میں 4گول سے ہرادیا،رانا وحید کے 2،حماد الدین اورحنان شاہد کا 1،1گول تقریباً6ہزار دن قبل 2010میں سپین کو 2-1سے ہرانے کے بعد پہلی کامیابی ملی ،پاکستان 2014اور 2023میں عالمی ایونٹ کیلئے کوالیفائی نہ کرسکا

اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر)ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈکپ میں پاکستان نے 16 سال بعد کامیابی حاصل کرلی ،نیدرلینڈ کے شہرایمسٹلوین میں ہونیوالے ورلڈکپ کے 9ویں سے 16ویں پوزیشن کے کلاسیفکیشن میچ میں جاپان کو 3کے مقابلے میں 4گول سے ہرادیا۔واضح رہے کہ پاکستان ٹیم ورلڈکپ ٹرافی کی دوڑ سے پہلے ہی باہر ہوچکی ہے ، 8 سال بعد 2026 کے ورلڈکپ کے کوالیفائی کرنے والی پاکستان ہاکی ٹیم کو ابتدائی تین میچز میں کامیابی نہیں ملی اور وہ دوسرے راؤنڈ سے باہر ہوگئی تھی تاہم نویں سے 16 ویں پوزیشن کے کلاسیفکیشن میچ میں پاکستان کو جاپان کے خلاف پہلی کامیابی ملی۔ایک موقع پر پاکستان دو گول سے خسارے میں تھا تاہم پاکستان ٹیم نے کم بیک کیا اور مقابلہ تین کے مقابلے مین چار گول سے جیت لیا۔ ابوبکر انجری کے باعث میچ میں کپتانی نہیں کرسکے تھے ، ان کی جگہ معین شکیل نے کپتانی کے فرائض سر انجام دئیے ۔جاپان کے خلاف میچ میں پاکستان کی جانب سے رانا وحید نے 2، حماد الدین اور حنان شاہد نے ایک ایک گول کیا۔یہ نا صرف نیدرلینڈ میں جاری ورلڈکپ میں 4 مرتبہ کی ریکارڈ عالمی چیمپئن پاکستان ہاکی ٹیم کی پہلی کامیابی ہے بلکہ ہاکی ورلڈکپ کے مقابلوں میں پاکستان نے تقریباً6 ہزار دن بعد کسی ٹیم کو شکست دی ہے ۔اس سے قبل آخری بار پاکستان ہاکی ٹیم نے 2مارچ2010  کو ہاکی ورلڈکپ میں سپین کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دی تھی۔پاکستان2014 کے ورلڈکپ کیلئے کوالیفائی نہیں کرسکا تھا جب کہ 2018 کے ہاکی ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم ایک میچ بھی نہ جیت سکی تھی، اسی طرح 2023 کے ورلڈکپ میں بھی قومی ٹیم کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی تھی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...