3پو لیس مقابلے ،بیوی کا قاتل اور خطرناک شوٹر ہلاک
واہنڈو ،کامونکے ،گوجرانوالہ (نامہ نگار ، تحصیل رپورٹر،کرائم رپورٹر)مختلف علاقوں میں 3 مبینہ پولیس مقابلوں اور کارروائیوں کے دوران قتل، اقدامِ قتل، منشیات فروشی اور موٹر سائیکل چوری سمیت سنگین جرائم میں ملوث شوٹر ہلاک جبکہ 2ملزموں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق تھانہ واہنڈو کے علاقہ میں پولیس ناکہ پر مشتبہ افراد نے گرفتاری سے بچنے کیلئے اہلکاروں پر فائرنگ کردی اور فرار کی کوشش کی۔ اس دوران مقابلے میں ایک شخص اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا جسکی شناخت نواحی گاؤں دھینسر پائیں کے ابرار عرف بلال کے نام سے ہوئی جبکہ اسکے 2 ساتھی فرار ہوگئے ۔ ہلاک ملزم بلال بیوی سمیت متعدد افراد کے قتل مقدمات میں مطلوب تھا،پولیس نے ناجائز اسلحہ، رقم اور دورانِ واردات چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کرلی ۔ تھانہ اروپ پولیس نے اقدامِ قتل اور منشیات فروشی مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ملزم جمال کو ناکہ سے فرار کی کوشش کے دوران زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جبکہ تھانہ ایمن آباد پولیس نے چوری، منشیات فروشی اور موٹر سائیکل چوری کے متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ملزم سلیم کو ناکہ بندی کے دوران فرار کی کوشش پر زخمی حالت میں گرفتار کرلیا ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments