مہنگائی میں کمی، پٹرولیم لیوی کے خاتمے تک دھرنا جاری رہیگا : حافظ نعیم

مہنگائی میں کمی، پٹرولیم لیوی کے خاتمے تک دھرنا جاری رہیگا : حافظ نعیم

پنجاب حکومت خواتین کے تحفظ، تعلیم، صحت ، روزگار اوردیگرمسائل حل کرنے میں ناکام ہو چکی:امیر جماعت اسلامی ملک میں 40 فیصد سے زائد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں:مال روڈ پرخواتین کے جلسہ سے خطاب

لاہور (سٹاف رپورٹر،سیاسی نمائندہ)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت خواتین کے تحفظ، تعلیم، صحت اور روزگار سمیت عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہوچکی، حکمرانوں نے عوام کے چولہے ٹھنڈے کردئیے اور خواتین کو غیرمحفوظ معاشرے کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ،مہنگائی میں کمی، پٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوام کو بنیادی حقوق کی فراہمی تک دھرنا جاری رہے گا، مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ملک گیر ہڑتال، شٹر ڈاؤن اور لانگ مارچ بھی کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر مال روڈ پر جماعت اسلامی کے دھرنے کے ساتویں روز خواتین کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر خواتین، بچوں، طالبات، کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی،دھرنے سے قائم مقام سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید،ڈپٹی سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی،صدر وسطی پنجاب نازیہ توحید ،ناظمہ شمالی پنجاب ثمینہ احسان،صدر حلقہ خواتین لاہور عظمیٰ عمران،جماعت اسلامی پنجاب کے امیر محمد جاوید قصوری و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ ملک بھر میں بیک وقت تین دھرنے جاری ہیں، احتجاج مہنگائی، آئی پی پیز اور پٹرولیم لیوی کے خلاف عوام کی جنگ ہے ، مائیں بچوں کو کھانا کھلانے کیلئے پریشان اور اپنی خواہشات قربان کرکے بچوں کی فیسیں ادا کررہی ہیں۔حافظ نعیم نے کہا کہ گزشتہ برس پنجاب میں خواتین سے زیادتی کے 4500 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے مگر ہر ایک ہزار ملزموں میں سے صرف چار کو سزا مل سکی، پولیس اور عدالتی نظام عام آدمی کو انصاف فراہم کرنے میں ناکام ہوچکا،تقریباً 80 لاکھ بچیاں سکولوں سے باہر ہیں ، 11 ہزار سکول آؤٹ سورس کردیئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر بننے والی بچیوں کو ہاؤس جاب میں پورا حصہ نہیں ملتا، پنجاب کی چار کروڑ محنت کش خواتین کی کم از کم اجرت تک مقرر نہیں کی گئی ، لیڈی ہیلتھ ورکرز حقوق کیلئے احتجاج کررہی ہیں ،ملک میں 40 فیصد سے زائد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں، حکومت پٹرول پر 125 روپے سے زائد فی لٹر ٹیکس اور لیوی وصول کررہی، یہ بھتہ ختم اور مہنگائی کم کرنا ہوگی،اگر حکومت نے عوامی مطالبات تسلیم نہ کیے تو احتجاج مزید پھیلایا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...