بزنس انٹری کیٹیگری میں پاکستان17ویں نمبر پر آگیا
ایس ای سی پی نے مزید بہتری کیلئے اہم اقدامات کی منظوری دے دی
کراچی(بزنس رپورٹر)سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے عالمی بزنس ریڈی رینکنگ میں مزید بہتری لانے کیلئے مختلف اہم اقدامات کی منظوری دے دی ہے ۔کمیشن کے مطابق پاکستان بزنس انٹری کیٹیگری میں 101 معیشتوں میں 17ویں نمبر پر ہے جبکہ اس کی اس کیٹیگری میں مجموعی اسکور 86.64 ہے ۔ایس ای سی پی کے مطابق کاروباری ماحول کو مزید سہل، شفاف اور سرمایہ کار دوست بنانے کیلئے متعلقہ اداروں کے درمیان معلومات کے تبادلے اور باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔اس سلسلے میں ایس ای سی پی، فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور بورڈ آف انویسٹمنٹ کے درمیان معلومات کے باہمی تبادلے کیلئے تعاون کو مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔کمیشن نے اجازت ناموں سے متعلق معلومات تک کاروباری افراد اور سرمایہ کاروں کی رسائی آسان بنانے کیلئے بھی اہم اقدام کی منظوری دی ہے ،اس مقصد کیلئے متعلقہ اجازت ناموں سے متعلق معلومات کا لنک ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پر فراہم کیا جائے گاجس سے کاروباری سرگرمی شروع کرنے والے افراد کو مختلف مراحل، ضروری تقاضوں اور متعلقہ منظوریوں کے بارے میں معلومات ایک ہی پلیٹ فارم سے حاصل کرنے میں سہولت مل سکے گی۔ ایس ای سی پی نے نئی رجسٹر ہونے والی کمپنیوں سے متعلق صنفی بنیاد پر اعدادوشمار جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔ کمیشن کے مطابق مرتب کیے جانے والے اعدادوشمار میں مرد و خواتین شیئر ہولڈرز، ڈائریکٹرز، چیف ایگزیکٹوز اور حقیقی مالکان سے متعلق معلومات شامل ہوں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments