اسٹاک ایکسچینج 3حدیں گنوابیٹھا،378ارب روپے خسارہ
3078پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای 100انڈیکس 168865 پر بند 499کمپنیوں کے حصص کاکاروبار،58میں اضافہ،406کی قیمتیں گرگئیں
کراچی(بزنس رپورٹر)امریکا ایران حملوں کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں 6فیصد سے زائد اضافہ ایشیائی مارکیٹوں سمیت پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعرات کو مسلسل چوتھے سیشن کو مندی کا شکار کرگیا جس کے باعث100 انڈیکس کی 1لاکھ 71ہزار، 1لاکھ 70ہزار اور 1لاکھ69 ہزار پوائنٹس کی تین حدیں بھی گرگئیں۔ شدید مندی کے سبب 81.36فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جبکہ سرمایہ کاروں کے 3کھرب 78ارب سے زائد ڈوب گئے ۔ منفی رجحانات اور جنگی صورتحال سے دنیا بھر میں مہنگائی بڑھنے کے خطرات، نئی مانیٹری پالیسی میں شرح سودبڑھنے کے خدشات نے غیریقینی ماحول بنادیا۔
جسکے باعث سرمایہ کاری کے شعبوں کی جانب سے حصص کی آف لوڈنگ کو ترجیح دی گئی،کاروبار کے آغاز سے اختتام تک مندی کی شدت رہی ایک موقع پر 3472پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی تاہم اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پر حصص کی خریداری سرگرمیوں سے مندی کی شدت میں قدرے کمی واقع ہوئی ۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 3078.56 پوائنٹس کی کمی سے 168865.04پوائنٹس پر بند ہوا۔گزشتہ روز62کروڑ 86 لاکھ 73ہزار 961 حصص کے سودے ہوئے ۔مجموعی طور پر499 کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ہوا جن میں 58 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ، 406 میں کمی اور 35 کمپنیوں کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments