خدمات کی برآمدات 400ملین ڈالر سے بڑھ گئیں، اسٹیٹ بینک

خدمات کی برآمدات 400ملین ڈالر سے بڑھ گئیں، اسٹیٹ بینک

رواں مالی سال جولائی تا اگست برآمدات بڑھ کر 1.811ارب ڈالر ہو گئیں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں یہ 1.405ارب ڈالر تھیں،اعدادوشمار

کراچی (کامرس ڈیسک) رواں مالی سال 2026-27 کے پہلے دو ماہ (جولائی تا اگست) کے دوران خدمات کی برآمدات 400ملین ڈالر سے زائد بڑھ گئیں۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال جولائی تا اگست خدمات کی برآمدات بڑھ کر 1.811 ارب ڈالر ہوگئیں، جب کہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں یہ 1.405 ارب ڈالر تھیں۔ خدمات کے شعبے کی برآمدات میں 406 ملین ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو سالانہ بنیاد پر تقریباً 29 فیصد نمو کو ظاہر کرتا ہے ۔اس کے مقابلے میں رواں مالی سال 2026-27 کے ابتدائی دو ماہ کے دوران ملک کی اشیا کی برآمدات میں تقریباً 217 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا۔ رواں سال جولائی تا اگست اشیا کی برآمدات بڑھ کر 5.455 ارب ڈالر ہوگئیں جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں یہ 5.238 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں۔

اعداد و شمار کے مطابق انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی)کا شعبہ اور فری لانسرز خدمات کی برآمدات سے حاصل ہونے والی آمدنی میں بدستور نمایاں حصہ دار رہے جنہوں نے زیر جائزہ مدت کے دوران تقریباً 952 ملین ڈالر کمائے ۔ حکومتی خدمات جن میں قونصلر اور فوجی خدمات شامل ہیں سے دو ماہ کے دوران تقریباً 122 ملین ڈالر حاصل ہوئے ۔پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن (پاشا)کے سابق چیئرمین محمد ذوہیب خان نے کہا کہ آئی ٹی شعبے میں برآمدات میں نمایاں اضافہ کرنے کی صلاحیت موجود ہے اور یہ ملک کے جاری کھاتے کے مسائل سے نمٹنے میں زیادہ مؤثر کردار ادا کرسکتا ہے ۔حکومتی مراعات اور مارکیٹنگ کے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں ، تاہم آئی ٹی برآمدات کو اگلی سطح تک لے جانے کے لیے اب بھی کئی مسائل حل کرنے کی ضرورت ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...