اسٹاک ایکسچینج ،فروخت کا رجحان،207ارب ڈوب گئے
1,733.57پوائنٹس کی کمی سے 100انڈیکس 170,498.94پر بند 75کروڑ شیئرز کے سودے ،مجموعی سرمایہ کم ہوکر 18ہزار 971ارب رہ گیا
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس)میں جمعرات کو فروخت کا رجحان ایک بار پھر واپس آگیا جس کے نتیجے میں بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں ایک فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا، ٹریڈنگ کے دوران 172,491.16 پوائنٹس کی انٹرا ڈے بلند ترین سطح چھونے کے بعد انڈیکس نے اپنی ابتدائی تیزی کھودی اور سیشن کے دوسرے نصف حصے میں مسلسل فروخت کے دباؤ کا سامنا رہا۔کاروبار کے آخری گھنٹے کے دوران بینچ مارک انڈیکس 170,418.38 پوائنٹس کی انٹرا ڈے کم ترین سطح پر پہنچ گیا جس کے بعد معمولی بہتری دیکھی گئی ۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 1,733.57 پوائنٹس یا 1.01 فیصد کی کمی سے 170,498.94 پوائنٹس پر بند ہوا۔
آل شیئر انڈیکس میں کاروباری حجم گزشتہ سیشن کے 773.59 ملین حصص کے مقابلے میں کم ہوکر 759.97 ملین حصص رہ گیا۔حصص بازار میں 75 کروڑ شیئرز کے سودے 27 ارب روپے میں طے ہوئے جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 207 ارب روپے کم ہو کر 18ہزار 971ارب روپے ہوگئی۔ مجموعی طور پر 495 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہواجس میں سے 101 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 358 میں کمی اور36 میں استحکام رہا۔حجم کے لحاظ سے سائنرجیکو پی کے 158.26 ملین حصص کے کاروبار کے ساتھ سرفہرست رہی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments