عبدالہادی سائٹ ایسوسی ایشن کے بلامقابلہ صدرمنتخب
نئی قیادت کا زیرِ التوا انڈسٹری ہاؤس منصوبے پر تعمیراتی کام شروع کرنیکا اعلان
کراچی(بزنس رپورٹر)سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی کے 2026-28 کے انتخابات میں معروف صنعتکار عبدالہادی بلا مقابلہ صدر، فرحان اشرفی سینئر نائب صدر اور شہریار سلیم شاہ نائب صدر منتخب ہوگئے ہیں۔ ایسوسی ایشن کے سرپرست سلیم پاریکھ کی زیر صدارت 62 ویں سالانہ اجلاس عام میں چیئرمین الیکشن کمیشن محمد طارق یوسف نے کامیاب عہدیداروں کا اعلان کیا۔ایگزیکٹو کمیٹی کے نو منتخب اراکین میں محمد کامران عربی، محمد سلیم ناگریا، عبدالقادر بلوانی، محمد حسین موسانی، حارث شکور، مرتضیٰ اعجاز سایا، سید حسیب احمد، ندیم پولانی اور ایم بلال نصیر شامل ہیں۔سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کی نئی قیادت نے ڈیجیٹل شکایتی نظام متعارف کرانے اور طویل عرصے سے زیرِ التوا انڈسٹری ہاؤس منصوبے پر تعمیراتی کام شروع کرنے کا اعلان کیا۔نومنتخب صدر عبدالہادی کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے اراکین کی شکایات کے اندراج اور ان پر پیش رفت کی نگرانی کی جائے گی جبکہ متعلقہ اداروں کے ذریعے مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے ۔سائٹ کے سرپرستِ اعلیٰ زبیر موتی والا نے کے الیکٹرک کی بندش اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بلاتعطل بجلی کی فراہمی صنعتی پیداوار کے لیے ناگزیر ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سائٹ لمیٹڈ کے حالیہ بورڈ اجلاس میں صنعتوں کے اہم مسائل پیش کیے گئے جن کے حل کی تجاویز آئندہ اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کی جائیں گی۔ایسوسی ایشن کے سرپرست سلیم پاریکھ نے نئی قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے سبکدوش عہدیداران کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ یہ امر قابلِ فخر ہے کہ سابق عہدیداران بھی بدستور ایسوسی ایشن کی سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔اجلاس سے ایسوسی ایشن کے سبکدوشں ہونے والے صدر عبدالرحمان فدا، و دیگر سینئر رہنماؤں اور سابق صدور جاوید بلوانی، مجید عزیز، یونس بشیر، سلیمان چاؤلہ، ریاض الدین نے بھی خطاب کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments