روئی کے بھاؤ میں استحکام ، کاروباری حجم بہتر رہا
سندھ اورپنجاب میں روئی کی قیمت 18400سے 18800روپے من رہی
کراچی (این این آئی)مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے مجموعی طور پر روئی کے بھاؤ میں استحکام رہا جبکہ نیویارک کاٹن مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے بعد مندی کا رجحان رہا۔ ٹیکسٹائل ملز کی جانب سے روئی کی خریداری میں دلچسپی برقرار رہنے اور جنرز کی سرگرمیوں کے باعث کاروباری حجم بھی بہتر رہا۔ ذرائع کے مطابق کپاس پیدا کرنے والے مختلف علاقوں میں فصل پر سفید مکھی، جسید اور پتہ مروڑ کے حملوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جس کے باعث کاشتکاروں میں تشویش پائی جاتی ہے اور پھٹی کی رسد میں متوقع اضافہ نہیں ہوسکا۔سندھ، پنجاب اور بلوچستان میں روئی کی فی من قیمت 18 ہزار 400 سے 18 ہزار 800 روپے جبکہ پھٹی کی فی 40 کلو قیمت 8100 سے 9700 روپے کے درمیان رہی۔ کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کی اسپاٹ ریٹ کمیٹی نے اسپاٹ ریٹ میں 100 روپے کا اضافہ کرکے اسے 18 ہزار 500 روپے فی من مقرر کیا۔ کاٹن بروکرز فورم کے چیئرمین نسیم عثمان کے مطابق نیویارک کاٹن میں فی پاؤنڈ قیمت 82 سے 87 امریکی سینٹ کے درمیان رہی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments